پاک چین اقتصادی راہداری سے ترقی کی راہیں کھلیں گی، صدر

اے پی پی  جمعرات 20 فروری 2014
بیجنگ:ملاقات کے موقع پر چینی صدر ژی جن اپنے پاکستانی ہم منصب ممنون حسین سے مصافحہ کررہے ہیں۔ فوٹو: رائٹرز

بیجنگ:ملاقات کے موقع پر چینی صدر ژی جن اپنے پاکستانی ہم منصب ممنون حسین سے مصافحہ کررہے ہیں۔ فوٹو: رائٹرز

بیجنگ: صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا شاندار ترقیاتی منصوبہ بھرپور تجارتی و اقتصادی سرگرمی پیدا کرتے ہوئے پورے خطے کو نمایاں طور پر تبدیل کرنے میں معاون ثابت ہوگا اور اس سے دونوں ممالک کے عوام اور خطے کے تقریباً تین ارب لوگوں کے لیے ترقی و خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی۔

انھوں نے یہ بات عوامی جمہوریہ چین کے صدر ژی جن پنگ سے بدھ کو یہاں عظیم عوامی ہال میں ون ٹو ون ملاقات میں کہی جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کے وسیع تر امور اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ مذاکرات کے دو ادوار کی تفصیلات دیتے ہوئے صدر کی پریس سیکرٹری نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان بات چیت پاک چین اقتصادی راہداری، رابطہ کاری کو بڑھانے اور تجارتی و سرمایہ کاری روابط کو مزید مستحکم بنانے پر مرکوز رہی۔ وفود کی سطح پر مذاکرات میں صدر مملکت کی معاونت احسن اقبال، وزیر اعلیٰ شہباز شریف، طارق فاطمی، مفتاح اسماعیل، رانا ثناء اللہ، سلمان شہباز، سید مراد علی شاہ، مسعود خالد نے کی۔ ملاقات کے آغاز پر صدر مملکت ممنون حسین نے چینی صدر اور عوام کو نئے چینی قمری سال پر مبارکباد دی اور ایک پرمسرت ’’ایئر آف دی ہارس‘‘ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

چینی صدر ژی جن پنگ نے صدر ممنون حسین کا چین کے پہلے سرکاری دورے پر پرتپاک خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلے سرکاری دورے کے لیے چین کا انتخاب دونوں ممالک کی آزمودہ دوستی کی گہرائی کا عکاس ہے۔ پاکستان اور چین نے معیشت اور تجارت، علاقائی رابطے، توانائی اور عوامی سطح پر روابط کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے پانچ معاہدوں پر دستخط کئے۔ بعد ازاں چینی صدر نے ممنون حسین اور ان کے وفد کے اعزاز میں عظیم عوامی ہال میں ضیافت کا اہتمام کیا۔ صدر ممنون حسین نے نیشنل پیپلز کانگریس کی سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین زینگ ڈی جیانگ کے ساتھ بھی ملاقات کی۔ صدر نے ااسٹیٹ گیسٹ ہائوس میں پاکستان سٹڈی سنٹرز کے سربراہان کے ساتھ ملاقات کے دوران کہاکہ عوامی سطح پر تبادلوں کو پروان چڑھانے میںاسٹڈی سینٹرز کا کردار قابل قدر ہے۔ صدر ممنون حسین نے دیوار چین کا دورہ بھی کیا اور شاہکار فن تعمیر اور تاریخی اہمیت میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔