شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں جیٹ طیاروں کی بمباری، غیرملکیوں سمیت 42 شدت پسند ہلاک

ویب ڈیسک  جمعرات 20 فروری 2014
پاک فضائیہ نے ہسٹوری اور خوشحال توڑی خیل کے مقام پر کارروائی شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی۔ فوٹو؛ فائل

پاک فضائیہ نے ہسٹوری اور خوشحال توڑی خیل کے مقام پر کارروائی شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی۔ فوٹو؛ فائل

میر علی: شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی کے مختلف علاقوں میں پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں کی بمباری سے غیر ملکیوں سمیت 42 شدت پسند ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے جب کہ بمباری سے شدت پسندوں کا اسلحہ اور بارود بھی تباہ ہو گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی، شوال، حیدر خیل اورعیدک میں پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے رات گئے خفیہ اطلاع پر ازبک، ترکمان، تاجک اور کالعدم تحریک طالبان کے شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں غیر ملکیوں سمیت 35 شدت پسند ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

شمالی وزیر ستان  میں شدت پسندوں کے6 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، پہلا حملہ کمانڈر عبدالستار کے ٹھکانے پر کیا گیا جس میں وہ مارا گیا، دوسرا حملہ زرمک اور تیسرا حملہ ترکمانی مراکز پر کیا گیا جس میں خودکش جیکٹس اوربارودی گاڑیاں تیارکرنیوالا دہشتگرد ہلاک ہوا، چوتھا حملہ تاجک مرکز پر کیا گیا جس میں تاجک کمانڈر سمیت تمام غیر ملکی شدت پسند مارےگئے، پانچواں حملہ تحریک طالبان کے کمانڈر جہاد یار کے ٹھکانے پر کیا گیا جس میں 15 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ چھٹا حملہ تحریک طالبان کے کمانڈر عبدالرزاق کے ٹھکانے پرکیا گیا۔ بمباری میں شدت پسندوں کے ٹھکانے بھی مکمل طور پر تباہ ہو گئے اور ان کا اسلحہ اور بارود بھی تباہ ہو گیا۔

دوسری جانب پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے پشاور میں سینما اور میجر جہانزیب پر ہونے والے حملوں میں ملوث افراد کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر خیبر ایجنسی کے علاقے باڑہ میں بمباری کی جس کے نتیجے میں 7 شدت پسند ہلاک جبکہ آئی ای ڈی بنانے کی فیکٹری اور دیگر اسلحہ اور بارود بھی تباہ ہو گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 20 جنوری کو بھی شمالی وزیرستان میں پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں 30 سے زائد شدت پسند مارے ہلاک جب کہ ان کے ٹھکانے مکمل طور پر تباہ ہو گئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔