پاکستان میں پہلی بار دینی مدرسے کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا فیصلہ

صفدر رضوی  منگل 1 مارچ 2022
گلشن معمار میں قائم مدرسے کو الغزالی یونیورسٹی کے نام سے چارٹر دینے کے لیے انسپیکشن کمیٹی کا دورہ (فوٹو : فائل)

گلشن معمار میں قائم مدرسے کو الغزالی یونیورسٹی کے نام سے چارٹر دینے کے لیے انسپیکشن کمیٹی کا دورہ (فوٹو : فائل)

 کراچی: پاکستان میں پہلی بار دینی مدرسے کو یونیورسٹی کا درجہ دیا جارہا ہے، کراچی میں قائم مدرسہ غزالی کو یونیورسٹی کا چارٹر دینے کی تیاری شروع کردی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گلشن معمار میں وسیع و عریض رقبے پر قائم مدرسے کو الغزالی یونیورسٹی کے نام سے چارٹر دینے کے لیے چارٹر انسپیکشن اینڈ ایویلیو ایشن کمیٹی نے ہفتے کے روز اس کا دورہ بھی کیا جس کے بعد اب چارٹر انسپیکشن اینڈ ایویلیو ایشن کمیٹی اپنی رپورٹ سندھ اعلی تعلیمی کمیشن میں منظوری کے لیے پیش کرے گی اور چارٹر کمیٹی کی سفارش اور لاء ڈپارٹمنٹ کی جانب سے یونیورسٹی کے مجوزہ ایکٹ کو منظوری کے لیے سندھ کابینہ میں پیش کیا جائے گا اور ایکٹ کی حتمی منظوری سندھ اسمبلی دے گی۔

چارٹر انسپیکشن اینڈ ایویلیو ایشن کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر طارق رفیع کے قریبی ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر یونیورسٹی کو چار کلیہ جات (فیکلٹی آف اسلامک اسٹڈیز ، فیکلٹی آف سوشل سائنسز، فیکلٹی آف ایجوکیشن اور فیکلٹی آف لا) کے لیے چارٹر دینے کی سفارش کی جائے گی جس میں بی بی اے، ایم بی اے، بی ایڈ، ایم ایڈ اور ایل ایل بی کی تعلیم دی جائے گی۔

یونیورسٹی کی فیکلٹی میں اس وقت 18 پی ایچ ڈیز کو شامل کیا گیا ہے جبکہ لائبریری میں 4 ہزار سے زائد کتابیں رکھی گئی ہیں جبکہ شعبہ جاتی سطح پر سیمینار لائبریری اس کے علاوہ ہیں یونیورسٹی کے چانسلر مفتی عبد الرحیم جبکہ وائس چانسلر ڈاکٹر ندیم حنیف اور رجسٹرار احسن وقار ہوں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔