محکمہ صحت، پختونخوا کی طرز پر حفاظتی ٹیکوں کی مہم چلانے کا فیصلہ

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 21 فروری 2014
رضاکاروں کی تعداد3 گنا کردی گئی،مہم ہرماہ کے پہلے اورتیسرے اتوارکوضلع شرقی جبکہ دوسرے اورآخری اتوارکوضلع غربی میں چلائی جائے گی۔
 فوٹو: فائل

رضاکاروں کی تعداد3 گنا کردی گئی،مہم ہرماہ کے پہلے اورتیسرے اتوارکوضلع شرقی جبکہ دوسرے اورآخری اتوارکوضلع غربی میں چلائی جائے گی۔ فوٹو: فائل

کراچی: حکومت سندھ بھی صوبے بھر میں خیبرپختوانخواہ کی ’’صحت کا انصاف‘‘ طرز پر صحت مہم شروع کرے گی، مہم میں بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے اور انسداد پولیو ویکسین پلائی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نے صوبے بھر اور کراچی میں بچوں کے حفاظتی ٹیکہ جات مہم اور انسداد پولیو مہم خیبر پختونخواہ حکومت کی طرز پر شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، خیبرپختوانخواہ میں ’’صحت کا انصاف‘‘ کے نام سے جاری مہم کی طرز پرکراچی سمیت صوبے میں بچوں کی حفاظتی ٹیکہ جات اور ویکسی نیشن مہم چلائی جائے گی، اس مہم کے تحت بچوں کو پولیو، ٹی بی، ہیپاٹائٹس بی سے بچائو، نمونیہ سمیت دیگر امراض کی حفاظتی ویکسین پلائی اور ٹیکے لگائے جائیںگے، حکومت سندھ نے خیبر پختوانخواہ میں کامیابی سے شروع کی جانے والی تحریک انصاف کی حالیہ مہم ’’صحت کاانصاف‘‘ کی طرز پر سندھ میں بھی ایسی ہی صحت مہم چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

دریں اثنا کراچی میں انسداد پولیو اور حفاظتی ٹیکہ جات کی مہم کے دوران رضاکاروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلیے ضلع کی حدود میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے اس سلسلے میں 2 مارچ سے شہر کے مختلف علاقوں میں شروع ہونے والی خصوصی انسدادی مہم کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، انسداد پولیو مہم اور حفاظتی ٹیکہ جات کی خصوصی مہم 2 مارچ سے شروع کی جارہی ہے اس خصوصی مہم کے لیے پولیو رضا کاروں کی تعداد میں 3 گنا اضافہ کیا جائے گا اورجس علاقے میں یہ مہم شروع کی جائیگی اس علاقے میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائدکردی جائیگی جبکہ انسداد پولیو رضا کاروں کے تحفظ کیلیے سیکیورٹی اہلکاروںکی تعیناتی کویقینی بنایا جارہا ہے، ذرائع کے مطابق پولیو سمیت دیگر حفاظتی ٹیکہ جات مہم ہر ماہ کے پہلے اور تیسرے اتوارکو ضلع شرقی اور دوسرے اورآخری اتوارکو ضلع غربی میں چلائی جائیگی، جس ضلع میں ویکسی نیشن مہم چلائی جائیگی وہاں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی لگادی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔