ملیر ندی کے قریب 2 چنگ چی رکشوں میں تصادم، خواتین سمیت 11 افراد زخمی

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 21 فروری 2014
قائدآباد کے قریب ٹریفک حادثے میں تباہ ڈمپر،سوزوکی اور ٹیکسی جائے حادثہ پر کھڑی ہے۔ فوٹو: فائل

قائدآباد کے قریب ٹریفک حادثے میں تباہ ڈمپر،سوزوکی اور ٹیکسی جائے حادثہ پر کھڑی ہے۔ فوٹو: فائل

کراچی: ملیر ندی کے قریب 2چنگ چی رکشوں میں تصادم کے نتیجے میں خواتین سمیت 11افراد زخمی ہوگئے ، قائد آباد مرغی خانہ پل پر ڈمپر نے سوزوکی پک اپ اور ٹیکسی کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں سوزوکی پک اپ اور ٹیکسی میں آگ بھڑک اٹھی۔

تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود ملیرندی میں تیز رفتار2 چنگ چی رکشوں میں خوفناک تصادم ہوگیا جس کے نتیجے میں11ا فراد زخمی ہو گئے،حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں،تمام زخمیوں کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کردیا،جناح اسپتال کی انچارج سیمی جمالی نے بتایا کہ حادثے میں زخمی ہو نے والے افراد میں6 خواتین 30 سالہ سنجیدہ زوجہ شاہد،30سالہ نادرہ زوجہ نظام ،18سالہ رئیسہ بی بی دختر حنیف،40سالہ نسرین زوجہ حنیف،35 سالہ انوری بیگم زوجہ معین،30 سالہ ثریا زوجہ منظور،30 سالہ خاور ولد غلام ،25 سالہ صدام ولد اقبال،18سالہ طلحہ ولد عطااﷲ اور40 سالہ نامعلوم شامل ہیں، انھوں نے مزید بتایا کہ ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے،ایس ایچ او طارق رحیم نے ایکسپریس کو بتایا کہ حادثہ تیز رفتار ی کے باعث پیش آیا،ایک موٹر سائیکل سوار اچانک رکشے کے سامنے آگیا جس کو بچاتے ہو ئے دونوں رکشے آپس میں ٹکرا گئے۔

 photo Pic_zps004c1e9d.jpg

انھوں نے بتایا کہ پولیس نے ایک رکشے کے ڈرائیوکو گرفتار کر لیا جس سے تفتیش کی جا رہی ہے ، خلد آباد  چوکی کی حدود مرغی خانہ پل پر تیز رفتار ڈمپر نے مٹی کے تیل کے ڈرموں سے لدھی ہوئی سوزوکی اور ٹیکسی کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں ڈمپر ،سوزوکی اور ٹیکسی میں آگ بھڑک اٹھی ،اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئیں اور فوری طور پر فائر بریگیڈ عملے کو طلب کردیا اس دوران سوزوکی پک اپ اور ٹیکسی مکمل جل گئی جبکہ ڈمپر جزوی طور پر جل گیا ،خلد آباد چوکی انچارج رضا سولنگی نے ایکسپریس کو بتایا کہ حادثے کا ذمہ دار ڈمپر کا ڈرائیور فرار ہوگیا،انھوں نے بتایا کہ سوزوکی پک اپ  مٹی کے تیل کے ڈرموں سے  لدھی ہوئی تھی اور جیسے ہی ڈمپر نے ٹکر ماری اسی دوران رگڑ کھانے اٹھنے والی چنگاری سے آگ بھڑک اٹھی  جس کے نتیجے میں سوزوکی اورٹیکسی مکمل جل گئی،ڈمپر جزوی طور پر جلا،انھوں نے بتایا کہ حادثے میں ایک دانش نامی نوجوان بھی زخمی ہوا جسے  قریبی اسپتال میں فوری طبی امداد دینے کے بعدگھر روانہ کردیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔