بڑی صنعتوں کی پیداوار میں گروتھ 7سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

بزنس رپورٹر  جمعـء 21 فروری 2014
پہلی ششماہی کے دوران ٹیکسٹائل سیکٹر کی گروتھ 1.73فیصد، فوڈ اینڈبیوریجز کی 18.17فیصد رہی۔

فوٹو: فائل

پہلی ششماہی کے دوران ٹیکسٹائل سیکٹر کی گروتھ 1.73فیصد، فوڈ اینڈبیوریجز کی 18.17فیصد رہی۔ فوٹو: فائل

کراچی: بڑی صنعتوں کی پیداوار میں نمو کی شرح 7سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں لارج اسکیل مینوفیکچرنگ گروتھ 6.76فیصد رہی جو مالی سال 2006-07کی 9.6فیصد کی گروتھ کے بعد بلند ترین سطح ہے۔ اعدادوشمارکے مطابق دسمبر 2012کے مقابلے میں دسمبر 2013کے دوران بڑی صنعتوں کی پیدوار میں نمو کی شرح 13.17فیصد رہی جبکہ نومبر 2013کے مقابلے میں شرح نمو 24.31فیصد زائد رہی۔

پہلی ششماہی کے دوران ٹیکسٹائل سیکٹر کی گروتھ 1.73فیصد، فوڈ اینڈبیوریجز کی 18.17فیصد، کوک اینڈ پٹرولیم پراڈکٹس کی پیداوار 8.31 فیصد، پیپیر اینڈ بورڈ کی پیداوار 17.50فیصد، فارما سیوٹیکلز کی پیداوار 0.55فیصد، فرٹیلائزر کی پیداوار 28.75 فیصد، الیکٹرانک مصنوعات کی پیداوار 12.20فیصد، آئرن اینڈ اسٹیل مصنوعات کی پیداوار 2.32فیصد، لیدر مصنوعات کی پیداوار 9.61فیصد، کیمکلز کی پیداوار 5.27فیصد، نان میٹالک منرل پراڈکٹس کی پیداوار 1.04فیصد اور ربڑ مصنوعات کی پیداوار میں 5.96فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

لکڑی کی مصنوعات کی پیداوار 5.45 فیصد، انجینئرنگ مصنوعات کی پیداوار 24.84فیصد اور گاڑیوں کی پیداوار 2.29 فیصد کم رہی۔ ماہرین کے مطابق جی ایس پی پلس کی سہولت ملنے کے بعد ٹیکسائل کے شعبے کی پیداوار میں مزید اضافہ کی توقع ہے جس سے بڑی صنعتوں کی مجموعی پیدوار میں افزائش کی شرح 5سے 6فیصد تک پہنچ سکتی ہے جو گزشتہ پانچ سال کی بلند ترین سطح ہوگی اس طرح قومی پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا اور جی ڈی پی کی شرح نمو 4فیصد سے بڑھ سکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔