راجن پورمیں خوشحال خان خٹک ایکسپریس کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش ناکام

ویب ڈیسک  جمعـء 21 فروری 2014
چند روز قبل بھی سندھ اور بلوچستان کے سرحدی علاقے ٹھل کے قریب بھی دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا تھا. فوٹو؛ فائل

چند روز قبل بھی سندھ اور بلوچستان کے سرحدی علاقے ٹھل کے قریب بھی دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا تھا. فوٹو؛ فائل

راجن پور: پولیس نے کوٹ مٹھن کے قریب خوشحال خان خٹک ایکسپریس کو دھماکہ خیز مواد کی مدد سے اڑانے کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 10 کلو وزنی بم ناکارہ بنا دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق راجن پور کے علاقے کوٹ مٹھن میں مقامی لوگوں نے پولیس کو ریلوے ٹریک پر کسی مشکوک چیز کی موجودگی کی اطلاع دی جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے کو طلب کر لیا، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر 10 کلو گرام وزنی بم کو ناکارہ بنا دیا جس میں بڑی تعداد میں بال بیرنگ اور نٹ بولٹ استعمال کئے گئے تھے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شدت پسند خوشحال خان خٹک ایکسپریس کو دھماکہ خیز مواد کی مدد سے اڑانا چاہتے تھے تاہم تخریب کاری کی کوشش بروقت کارروائی کر کے ناکام بنا دی گئی۔ پولیس نے ایک کلو میٹر کے علاقے کا محاصرہ کر کے تخریب کاروں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مار کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی سندھ اور بلوچستان کے سرحدی علاقے ٹھل کے قریب بھی خوشحال خان خٹک ایکسپریس کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا تھا جس میں 8 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہو گئے تھے جب کہ اس سے چند روز قبل کراچی میں دھابے جی کے قریب بھی ریلوے ٹریک پر دھماکے سے ایک بچی جاں بحق ہو گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔