کراچی بے امنی کیس: قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو نوٹس جاری

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 22 فروری 2014
سپریم کورٹ نے ڈی جی رینجرزاورآئی جی سندھ سے کراچی میں امن و امان سے متعلق تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے ڈی جی رینجرزاورآئی جی سندھ سے کراچی میں امن و امان سے متعلق تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ فوٹو: فائل

کراچی: سپریم کورٹ نے کراچی بے امنی کیس میں وفاقی وزارت داخلہ، چیف سیکریٹری، محکمہ داخلہ سندھ،ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ ،سیکریٹری الیکشن کمیشن، سیکریٹری ریونیواور دیگرکو 24  فروری کیلیے نوٹس جاری کرتے ہوئے کراچی میں امن و امان سے متعلق رپورٹ طلب کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں3رکنی فُل بینچ پیر24فروری سے کراچی رجسٹری میں کراچی بدامنی کیس کی سماعت شروع کرے گا،بینچ کے دیگرارکان میں جسٹس انور ظہیر جمالی اورجسٹس خلجی عارف حسین شامل ہیں،سپریم کورٹ آفس نے اس ضمن میں وفاقی وزارت داخلہ،چیف سیکریٹری،سیکریٹر ی الیکشن کمیشن ،سیکریٹری داخلہ،ڈی جی رینجرز،آئی جی سندھ، ڈائریکٹر لینڈ اینڈ یوٹیلائزیشن اور دیگرکونوٹس جاری کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔

سپریم کورٹ نے ڈی جی رینجرزاورآئی جی سندھ سے کراچی میں امن و امان سے متعلق تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔کراچی رجسٹری میں24فروری سے28فروری 2014تک 3بینچ اہم نوعیت کے مقدمات کی سماعت کریںگے،بینچ IIکی سربراہی جسٹس سرمدجلال عثمانی کریں گے ،بینچ کے دیگرارکان میں جسٹس اطہرسعید اورجسٹس مشیرعالم شامل ہیں جبکہ بینچIIIکی سربراہی جسٹس امیرہانی مسلم کریں گے، بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس اعجازاحمد چوہدری اورجسٹس گلزاراحمدشامل ہیں۔واضح رہے کہ چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی یہ عہدہ سنبھالنے کے بعدپہلی دفعہ کراچی میں اہم مقدمات کی سماعت کریںگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔