سندھ ایچ ای سی کے چیئرمین کی تعیناتی براہ راست کرنے کا فیصلہ

صفدر رضوی  اتوار 13 مارچ 2022
چند روز میں تینوں میں سے کسی ایک کی بطور چیئرمین ایچ ای سی تعیناتی کا امکان- فوٹو:فائل

چند روز میں تینوں میں سے کسی ایک کی بطور چیئرمین ایچ ای سی تعیناتی کا امکان- فوٹو:فائل

کراچی: حکومت سندھ نے سندھ اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے نئے مستقل چیئرمین کی تعیناتی براہ راست کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

صوبائی حکومت نے سندھ اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے نئے مستقل چیئرمین کی تعیناتی اشتہار کے بغیر براہ راست کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں کمیشن کی جانب سے ایک نئی سمری تیار کر کے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کو بھجوادی گئی ہے جس میں حال ہی میں ضیاء الدین یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا چارج چھوڑنے والے پروفیسر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم، لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر نوشاد شیخ اور چارٹر انسپیکشن اینڈ ایویلیو ایشن کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر طارق رفیع کے ناموں کی سفارش کی گئی ہے۔

یہ سمری سندھ اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے گریڈ19کے سیکریٹری معین صدیقی کی جانب سے تیار کی گئی ہے جس میں کمیشن کے نئے چیئرمین کے لیے اشتہار جاری کرنے کی بات نہیں کی گئی ہے بلکہ اس کے برعکس مذکورہ 3 میں سے کسی ایک کو 4 سال کے لیے چیئرمین سندھ ایچ ای سی تعینات کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

امید ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے آئندہ منگل سے قبل ان 3 میں سے کسی ایک نام کی بطور چیئرمین تقرری کردی جائے کیونکہ منگل کو سندھ ہائی کورٹ میں چیئرمین ایچ ای سی کی جانب سے زیر سماعت کیس کی نئی سماعت ہونی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سیکریٹری سندھ ایچ ای سی معین صدیقی موجودہ چیئرمین سندھ ایچ ای سی ڈاکٹر عاصم حسین کی ہدایت پر ڈاکٹر طارق رفیع کی بغیر کسی اشتہار کے بطور چیئرمین چارٹر انسپکشن اینڈ ایویلیو ایشن کمیٹی کی سمری بھجواکر تعیناتی کراچکے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔