یوکرینی خاتون بیمار ماں کیلئے دوا لیتے ہوئے روسی فوج کے ہاتھوں قتل

ویب ڈیسک  اتوار 13 مارچ 2022
 ولیریا مکسیتسکا نامی یہ خاتون یو ایس ایڈ پارٹنر آرگنائزیشن کے لیے کام کرتی تھی  فوٹوسوشل میڈیا

ولیریا مکسیتسکا نامی یہ خاتون یو ایس ایڈ پارٹنر آرگنائزیشن کے لیے کام کرتی تھی فوٹوسوشل میڈیا

کیف: ایک روسی ٹینک نے کیف میں مبینہ طور ایک یوکرینی خاتون کو اس وقت ہلاک کردیا جب وہ اپنے گھر سے اپنی بیمار ماں کے لیے دوا لینے نکلی تھی۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ولیریا مکسیتسکا نامی یہ خاتون یو ایس ایڈ پارٹنر آرگنائزیشن کے لیے کام کرتی تھی جسے مبینہ طور پر کیف کے قریب ایک قصبے میں اس کی ماں اور ڈرائیور کے ساتھ قتل کردیا گیا۔ ولیریا نے دراصل روس کے محاصرے میں رہنے والے باشندوں کی مدد کے لیے کیف میں رہنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ تاہم جب ولیریا کی والدہ ایرینا کی دوا ختم ہوگئی تو انہوں نے جانے کا فیصلہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق مبینہ طور پر ایک روسی ٹینک نے ولیریا، اس کی والدہ ایرینا اور ان کے ڈرائیور یاروسلیو پر اس وقت گولی چلادی جب وہ ایک روسی قافلے کو کیف کے مغرب میں ایک راستے سے گزرنے کے لیے پیچھے ہٹ رہے تھے۔

یو ایس ایڈ کی منتظم سمانتھا پاور نے واقعے میں تینوں افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیمونکس کی ملازمہ ولیریا کو روسی فوج نے ہلاک کردیا۔

دی اسکوٹش سن کی رپورٹ کے مطابق سمانتھا پاور نے کہا مجھے یہ خبر بتاتے ہوئے نہایت افسوس ہورہا ہے کہ ولیریا لیرا مکسیتسکا اب ہم میں نہیں رہیں۔ مس پاور نے ولیریا کے بارے میں کہا کہ وہ سماجی ہم آہنگی پیدا کرنے، غلط معلومات کے خلاف لڑنے میں شاندار اور ہمدرد رہنما تھیں۔ جب کہ ولیریا کے دوستوں نے انہیں ایک بہادر خاتون قرار دیا۔

کیمونکس کے چیف ایگزیکٹیو جیمی بچر نے ایک ٹوئٹ میں ولیریا کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ میری اسٹاف ممبر ولیریا کو مغربی کیف کے ایک گاؤں میں اپنی بیمار ماں کے لیے دوا لینے کی کوشش کے دوران ہلاک کردیا گیا۔

https://twitter.com/jameybutcher/status/1501533699023654915

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔