چوہدری شجاعت بھائی ہیں ان کے خلاف کوئی بات نہیں کروں گا، شیخ رشید         

ویب ڈیسک  اتوار 13 مارچ 2022
میں نےکہا 4،5 سیٹ والے بلیک میل کررہے ہیں تو لوگ ناراض ہوگئے، وفاقی وزیر فوٹو: فائل

میں نےکہا 4،5 سیٹ والے بلیک میل کررہے ہیں تو لوگ ناراض ہوگئے، وفاقی وزیر فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ چودھری ظہور الہٰی اور خواجہ صفدر کے مجھ پر احسانات ہیں، چوہدری شجاعت میرے بھائی ہیں اور ان کے خلاف کوئی بات نہیں کروں گا۔ 

ایف نائن پارک اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن بڑھکیں مارہی ہے، ملک کو جہموریت کی طرف جانا چاہیے لیکن وہ انارکی کی طرف جارہے ہیں، اپوزیشن کا کام ہی یہی ہے، ہم بھی جب اپوزیشن میں تھے تو یہی کرتے تھے، کسی ملیشیا فورس کو اسلام آباد آنےکی اجازت نہیں دوں گا، کسی کو گرفتار نہیں کیا لیکن ضرورت پڑی تو گرفتاریاں بھی کریں گے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: تحریک عدم اعتماد ضابطے کے مطابق قرار

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کہیں نہیں جارہے وہ 5 سال پورے کریں گے، اسپیکر قومی اسمبلی 15 مارچ کے بعد اجلاس بلانے کا فیصلہ کرلیں گے، اسپیکر کا فیصلہ ہے کہ کس دن اسمبلی بلائیں اور ان کا فیصلہ کسی عدالت میں چیلنج نہیں ہو سکتا، 15 تاریخ کے بعد عمران کی پوزیشن اور بہتر ہو جائے گی، اور ان کی قوت مزید بڑھ جائے گی میں 23 تاریخ سے روز خبریں دیا کروں گا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: 5 سیٹوں والی جماعت وزارت اعلیٰ پنجاب کیلیے بلیک میل کر رہی ہے

وفاقی وزیر نے کہا کہ جو عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوگا اللہ اسے عزت دے گا، میں عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں، اتحادیوں کو بھی مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دینا چاہئے، میں نے کہا 4،5 سیٹ والے بلیک میل کررہے ہیں تو لوگ ناراض ہوگئے، ہمیں تلخیوں کی طرف نہیں جانا چاہیے، چوہدری ظہور الہٰی اور خواجہ صفدر کے مجھ پر احسانات ہیں، چوہدری شجاعت بھی میرے بھائی ہیں اور ان کے خلاف کوئی بات نہیں کروں گا، چوہدری شجاعت کی والدہ ایک سال تک میرے لئے جیل میں کھانا بھجواتی رہیں، چوہدریوں کے احسانات کا اپنی کتابوں میں اعتراف کرچکا ہوں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تمام خواتین کو مبارک باد دیتا ہوں، خواتین کے لئے سرکاری نوکریاں نہیں ہیں انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے چاہئے، میں خود چاہتا ہوں خواتین کام کریں، سارا اسلام آباد کام کے لیے خالی اور خواتین کے لیے حاضر ہے، چیمبر آف کامرس اچھا کام کررہا ہے، ہر سیکٹر میں خواتین کا بازار ہونا چاہئے، بلوچستان کے پی کے سندھ کی خواتین کو آگے لائیں، اچھی سڑکیں بنانے سے کام نہیں چلے گا روزگار ہونا چاہئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔