ترین گروپ کے عون چوہدری ق لیگ کی قیادت سے ملاقات کے لئے اسلام آباد پہنچ گئے

ویب ڈیسک  اتوار 13 مارچ 2022
ترین گروپ کی مسلم لیگ ن کی قیادت سے ملاقات کو بھی منگل یا بدھ کو حتمی شکل دی جائے گی، ذرائع۔

ترین گروپ کی مسلم لیگ ن کی قیادت سے ملاقات کو بھی منگل یا بدھ کو حتمی شکل دی جائے گی، ذرائع۔

 اسلام آباد: عون چوہدری آج اسلام آباد میں چوہدری برادران سے ملاقات کریں گے۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملک میں سیاسی ہلچل اپنے عروج پر اور سیاسی جوڑ توڑ کی خبریں میڈیا کی شہہ سرخیاں بن رہی ہیں، حکومت نے جہاں اپنے اتحادیوں اور اپوزیشن جماعتوں کے ارکان اسمبلی سے روابط کو تیز کررکھا ہے، وہیں اپوزیشن کی اور حکومتی جماعت کے ناراض ارکان نے بھی اپنی حیثیت مضبوط کرنے کے لئے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے ناراض ارکان پر مشتمل ترین گروپ بھی جوڑ توڑ کے مشن پر انتہائی متحرک ہے، اور ان کے اہم رہنما عون چوہدری مختلف سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتوں کے لئے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ آج اسلام آباد میں چوہدری برادران سے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں ترین گروپ اورچوہدری برادران کے درمیان باہمی تعاون کے امور پر بات چیت ہوگی۔

ذرائع نے بتایا کہ کل لاہور میں جہانگیرترین کی رہائش گاہ پر ترین گروپ کا غیر معمولی اجلاس ہوگا، جس میں عون چوہدری مختلف سیاسی رابطوں کے حوالے سے اجلاس کے شرکا کو بریف کریں گے، اور آج  رات جہانگیرترین کو بھی لندن میں رپورٹ پیش کریں گے۔

ذرائع کے مطابق آئندہ  48گھنٹوں میں ترین گروپ سے اہم سیاسی رہنماوں کی ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جب کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے ساتھ ملاقات کو بھی منگل یا بدھ کو حتمی شکل دی جائے گی، یہ ملاقات ترین گروپ اور حمزہ شہباز کے درمیان ہوسکتی ہے، جس میں مسلم لیگ ن باضابطہ طور پر ترین گروپ سے سیاسی تعاون کی درخواست کرے گی۔ اس کے علاوہ آئندہ ہفتے کے شروع میں چوہدری برادران کی بھی ترین گروپ سے ایک اور ملاقات کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔