تھر کوئلے کے ذخائرخوشحالی کی اصل کنجی ہے، وزیر اعلیٰ سندھ

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 22 فروری 2014
کراچی: وزیراعلیٰ قائم علی شاہ آر او پلانٹ پمپ فیکٹری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو: آن لائن

کراچی: وزیراعلیٰ قائم علی شاہ آر او پلانٹ پمپ فیکٹری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو: آن لائن

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ تھرکول کے ذخائر9000 اسکوائرکلو میٹررقبے پر محیط  ہیں اور یہ قو م کی خوشحالی کی اصل کنجی ہے کیونکہ اس سے ہم بجلی کے علاوہ خام تیل اور کھاد بھی پیدا کر سکتے ہیں جس سے ملکی صنعت و زراعت میں انقلاب آئے گا ۔

انھوں نے یہ بات پی پی کے رہنما حاجی مظفر شجرہ کی جانب سے ان کی رہائش گاہ پر اپنے اعزاز میں دی گئی استقبالیہ تقریب میں گفتگوکرتے ہوئے کہی ۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت اپنی نجی شراکت داروں کے ساتھ تھر پارکر میں 620 میگاواٹ کول بیسڈ پاور پروجیکٹ پر موثرطریقے سے کام کر رہے ہیں اور توقع ہے کہ جلد ہی اس منصوبے کے تحت بجلی کی پیداوار شروع ہوجائے گی ۔انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے کراچی میں سولر انرجی بیسڈ ٹیکنالوجی کے ذریعے پینے کا صاف پانی اور اسٹریٹ لائٹس کے فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے 15روزہ سندھ فیسٹول کی کامیاب تکمیل پر بھی اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے شمسی توانائی پر چلنے والے آر او پلانٹ پمپ تیار کرنے والی فیکٹری کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ شمسی توانائی سے چلنے والے آر او پلانٹ کی ٹیکنالوجی ایک جدید اور انقلابی قدم ہے، جس سے میٹھے پانی اور توانائی کے بحران سے یکساں طور پر نمٹا جا سکتا ہے ۔ یہ فیکٹری پاک اوسس اور ڈنمارک کی گرونڈ فوس کے مشترکہ تعاون سے کراچی میں کورنگی کے صنعتی علاقے میں قائم کی گئی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ امن امان کے بعد پینے کے صاف پانی اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی کراچی کے اہم ترین ایشوز ہیں ، جن کو ہم ترجیحی بنیاد پرحل کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔