رکن قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی سے راہیں جدا کرنے کا عندیہ دے دیا

اسٹاف رپورٹر  اتوار 13 مارچ 2022
ایک رکن قومی اسمبلی نے راہیں جدا کرنے کا اعلان کردیا جبکہ دوسرا پارٹی قیادت سے نالاں ہے (فوٹو انٹرنیٹ)

ایک رکن قومی اسمبلی نے راہیں جدا کرنے کا اعلان کردیا جبکہ دوسرا پارٹی قیادت سے نالاں ہے (فوٹو انٹرنیٹ)

 کراچی: سندھ سے صوبائی اسمبلی کے 4 اراکین کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی  عامرلیاقت حسین نے بھی کپتان کو خدا حافظ کہنے کیلئے پرتول لیے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت نے مستقبل میں پی ٹی آئی سے راہیں جدا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کو نہ گھبرانے کا مشورہ دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم آپ کے چاہنے والے آپ کے بدترین رویے کے باوجود آپکے ساتھ ہیں، اعصاب کا کھیل ہے، اللہ پاکستان کے لیے بہتر کرے، اس کے بعد ہمارے راستے جدا، آپ نے وفا کا جو صلہ دیا اُسے یاد رکھوں گا۔

واضح رہے کہ عامرلیاقت حسین وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورہ کراچی اورتحریک انصاف کی جانب سے تقاریب میں مدعو نہ کیے جانے پرخفا ہیں۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کے چار اراکین سندھ اسمبلی نے سینیٹ کے حالیہ انتخاب میں پیپلزپارٹی کے امیدوار نثار کھوڑو کو ووٹ دیا۔ باغی اراکین میں اسلم ابڑو، شہریارخان شر، کریم بخش گبول اوردیوان سچل شامل ہیں۔

تحریک انصاف کے لیاری سے ایم این اے شکورشاد بھی موجودہ حالات میں پارٹی سے نالاں ہیں۔ انہوں نے گزشتہ عام انتخابات میں پیپلزپارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹوزرداری کولیاری کی نشست پرشکست دی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔