ایلون مسک نے پوٹن کو دو بدو لڑائی کا چیلنج دے دیا

ویب ڈیسک  پير 14 مارچ 2022
[فائل-فوٹو]

[فائل-فوٹو]

آسٹن، ٹیکساس: اسپیس ایکس اور ٹیسلا کمپنی کے مالک ایلون مسک نے روسی ایوانِ صدر کریملن کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر پوٹن کو دو بدو لڑائی کا چیلنج دیا ہے۔

عالمی میڈیا کے مطابق ایلون مسک نے ٹویٹ میں لکھا، ’’میں اس پیغام کے ذریعے ولادیمیر پوٹن کو دو بدو لڑائی کا چیلنج دیتا ہوں اور بازی یوکرین کی ہوگی۔ کیا پوٹن اس چیلنج کو قبول کرتے ہیں؟

مسٹر مسک کی پوسٹ پر ایک ٹویٹر صارف نے کمنٹس میں لکھا کہ روسی صدر کوئی بھی لڑائی آسانی سے جیت سکتے ہیں جس پر مسک نے جواب دیا کہ پوٹن اتنی آسانی سے جب مغرب کو نیچا دکھا سکتے ہیں تو یہ چیلنج قبول کرنا بھی ان کیلئے کوئی بڑی بات نہیں ہوگی لیکن پھر بھی وہ یہ چیلنج قبول نہیں کریں گے۔

ایلون مسک اپنے ٹویٹر فیڈ اور اپنی کمپنیوں کے ذریعے یوکرین اور روس کے درمیان جاری جنگ میں ایک فعال کردار ادا کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے سوشل میڈیا پر روسی حکام کا مذاق بھی اڑایا تھا جبکہ دوسری جانب یوکرین کو اسٹار لنک سپیس انٹرنیٹ کا سامان بھی فراہم کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ پرانے وقتوں میں میدان جنگ میں مخالف لشکروں کے دو سپاہیوں کی لڑائی ہوتی تھی جس کے بعد جنگ کا آغاز کیا جاتا تھا۔ ایلون مسک نے اسی پرانی روایت پر پوٹن کو یہ چیلنج دیا ہے اور بازی یوکرین کی لگائی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔