قاسم سلیمانی کی موت کا بدلہ؛ ایرانی لڑکی نے اپنے امریکی بوائے فرینڈ کو چاقو گھونپ دیا

ویب ڈیسک  پير 14 مارچ 2022
(فوٹو: ٹوئٹر، مڈل ایسٹ آئی)

(فوٹو: ٹوئٹر، مڈل ایسٹ آئی)

لاس ویگاس: ایرانی لڑکی نے سپاہ پاسداران انقلاب کی القدس فورس کے سابق کمانڈر قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے امریکی بوائے فرینڈ کو ملاقات کا جھانسا دیکر چاقو گھونپ دیا۔

مڈل ایسٹ آئی کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ پولیس نے بتایا ہے کہ اس ایرانی دوشیزہ نکا نیکوبین کی مذکورہ شخص سے ڈیٹنگ ویب سائٹ پر ہوئی تھی، جس کے بعد دونوں نے 5 مارچ کو سن سیٹ سٹیشن ہوٹل میں ملنے پر رضامند ہوا اور انہوں نے ایک مشترکہ کمرا کرائے پر لیا تھا۔

پولیس کے مطابق نیکوبین نے اس شخص کی آنکھوں پر پٹی باندھنے کے بعد مبینہ طور پر اس شخص کی گردن میں چاقو گھونپ دیا تھا، پولیس نے بتایا کہ لڑکی مقصد قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لینا تھا۔

رپورٹ کے مطابق اس شخص نے زخمی ہونے کے بعد نیکوبن کودھکا دے کر پیچھے ہٹا دیا تھا اور 911 پر کال کرنے کے لیے کمرے سے باہر بھاگ گیا تھا جبکہ لڑکی نے ہوٹل کے ایک ملازم کو بتایا کہ اس نے ابھی ایک شخص کو چاقو گھونپ دیا ہے۔

دوسری جانب لاس ویگاس ریویوجرنل کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ شخص کی موجودہ حالت کے بارے میں کچھ معلوم نہیں۔نیکوبن کو 24 مارچ کو ابتدائی سماعت کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

21 سالہ ایرانی لڑکی پر اقدام قتل، مہلک ہتھیار اٹھانے اور چوری کے الزامات عائد کیے گئے ہیں جبکہ لڑکی کی جانب سے وکیل کی خدمات لینے کا کوئی اعتراف سامنے نہیں آیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی فورسز نے جنوری 2020ء میں عراق کے دارالحکومت بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے نزدیک ایک ڈرون حملے میں القدس فورس کے کمانڈر میجرجنرل قاسم سلیمانی کو ہلاک کردیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔