سینٹرل کنٹریکٹ میں تاخیر پر کرکٹرز کا چیئرمین سے شکوہ

سلیم خالق  اتوار 23 فروری 2014
نجم سیٹھی نے ٹیم کی ایشیا کپ سے واپسی کے بعد معاملہ حل کرنے کا یقین دلادیا۔ فوٹو: فائل

نجم سیٹھی نے ٹیم کی ایشیا کپ سے واپسی کے بعد معاملہ حل کرنے کا یقین دلادیا۔ فوٹو: فائل

کراچی: قومی کرکٹرز کے صبر کا پیمانہ لبریز ہونے لگا،2 ماہ سے سینٹرل کنٹریکٹ کے تحت ادائیگیاں نہ ہونے پر چیئرمین بورڈ سے شکوہ کر دیاجس پر انھوں نے ایشیا کپ سے واپسی کے بعد معاملہ حل کرنے کا یقین دلایا ہے، تنخواہوں میں بھی اضافے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ 31 دسمبر2013 کو ختم ہو چکے،سابقہ کنٹریکٹ کے تحت21 پلیئرزکو3 کیٹیگریز اے، بی اور سی میں جگہ دی گئی تھی۔ اب رواں برس 2 ماہ گزرنے کے باوجودکرکٹرز کے نئے معاہدوں کا اعلان نہیں ہوا، پرانے کنٹریکٹ کے تحت بھی کوئی ادائیگی نہیں ہو رہی، اس پر تنگ آ کر کھلاڑیوں نے چیئرمین پی سی بی کے سامنے شکایات کا انبار لگا دیا۔

ذرائع نے نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ جمعے کو میٹنگ کے دوران مصباح الحق اور محمد حفیظ سمیت کئی سینئرز نے نجم سیٹھی سے شکوہ کیا کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں تاخیر ہو رہی ہے،2 ماہ سے ماہانہ تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں، پلیئرز نے چیئرمین سے معاوضوں میں بھی اضافے کا مطالبہ کیا، نجم سیٹھی نے تمام باتیں بغور سننے کے بعد سب کو یقین دلایا کہ ان کی شکایات کو دور کیا جائے گا، ایشیا کپ سے آنے کے بعد سینٹرل کنٹریکٹ کا معاملہ حل کر لیں گے،ذرائع کے مطابق پلیئرز کی تنخواہوں میں بھی 15فیصد اضافے کا امکان ہے، اس حوالے سے جمعرات کو لاہور میں شیڈول بورڈ میٹنگ میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔