بیٹنگ لائن کی مسلسل ناکامی، ویسٹ انڈیز کے لیے خطرے کا الارم بج گیا

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 23 فروری 2014
ورلڈ چیمپئن نے آئرلینڈ کیخلاف دوسرا ٹی 20 بمشکل 11 رنز سے جیت کر سیریز برابر کی۔ فوٹو: فائل

ورلڈ چیمپئن نے آئرلینڈ کیخلاف دوسرا ٹی 20 بمشکل 11 رنز سے جیت کر سیریز برابر کی۔ فوٹو: فائل

کنگسٹن: بیٹنگ لائن کی مسلسل ناکامی نے ویسٹ انڈیزکیلیے خطرے کا الارم بجا دیا،ورلڈچیمپئن ٹیم نے آئرلینڈ کیخلاف دوسرا ٹی20 بمشکل11رنز سے جیت کر سیریز1-1 سے برابرکی، اس فتح میں ڈیرن سیمی کی بولنگ نے کلیدی کردار ادا کیا، انھوں نے 3 وکٹیں لیں۔

تفصیلات کے مطابق ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ پر مجبور ویسٹ انڈین ٹیم دوسرے میچ میں بھی آئرش بولنگ اٹیک کے سامنے جدوجہد کرتی دکھائی دی،اس نے ابتدائی مقابلے کی غلطیوں سے کوئی سبق نہیں سیکھا،کوئی بھی بیٹسمین20 رنز تک نہیں بنا پایا، ٹیم9 وکٹ پر96 رنز تک محدود رہی، یہ مکمل ہونے والی اننگز میں کیریبیئن سائیڈکا دوسرا کمترین مجموعہ ہے، اس سے قبل 2010 میں زمبابوے کیخلاف7 وکٹ پر79رنز بنائے تھے، آندرے فلیچر2 چھکوں کی مدد سے 19رنزبناکر ٹاپ اسکورر ثابت ہوئے، الیکس کوسیک نے 11رنز دے کر4 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا،آئرلینڈ کی ٹیم جوابی اننگز میں مقررہ اوورز میں8 وکٹ پر85رنز تک محدود رہی، ڈیرن سیمی نے شاندار بولنگ کرکے بیٹنگ میں ناکامی کاازالہ کردیا۔

انھوں نے22 رنزدے کر3 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا، گرے ولسن(35) اور ایڈ جوائس (10) انفرادی اسکور کو دہرے ہندسے تک پہنچانے میں کامیاب ہوئے، آدھی ٹیم کے29 پر میدان بدر ہونے کے باوجود ولسن نے ہدف کا تعاقب جاری رکھا،18ویں اوور میں ڈیوائن براوو نے انھیں میدان بدر کرکے میزبان ٹیم کو خوشیاں بنانے کا موقع فراہم کردیا، میزبان فیلڈرز نے2 آسان کیچز بھی گرائے، اس کے برعکس آئرلینڈ کے ولیم پورٹر کی فیلڈنگ مثالی رہی، انھوں نے عمدہ فیلڈنگ کی بدولت2 رن آئوٹس میں کردار ادا کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔