دبئی ٹینس، فاتح کا تاج وینس ولیمز کے سر سج گیا

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 23 فروری 2014
امریکی اسٹار وینس ولیمز دبئی ویمنز ٹینس کی ٹرافی تھامے مسکرا رہی ہیں ،فائنل میں آلیز کو شکست ہوئی۔ فوٹو: رائٹرز

امریکی اسٹار وینس ولیمز دبئی ویمنز ٹینس کی ٹرافی تھامے مسکرا رہی ہیں ،فائنل میں آلیز کو شکست ہوئی۔ فوٹو: رائٹرز

دبئی / ریو ڈی جنیرو: دبئی ویمنز ٹینس کی فاتح کا تاج وینس ولیمز کے سرسج گیا، انھوں نے فائنل میں فرنچ حریف آلیزکورنیٹ کو شکست دے کر چھوٹی بہن سریناکی ناکامی کا بدلہ بھی لے لیا۔

تجربہ کار وینس نے تیسری مرتبہ دبئی ایونٹ کی ٹرافی اپنے نام کی ، وہ اس سے قبل 2009 اور 2010 میں بھی یہاں چیمپئن بن چکی ہیں،ریو اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز میں ٹاپ سیڈ رافیل نڈال کا سامنا ہموطن پبلو الیجاندرو سے ہوگا، مارسیلی اے ٹی پی سیمی فائنل میں ٹاپ سیڈ رچرڈ گیسکوئٹ ناکام ہوگئے جبکہ سونگا نے فائنل میں جگہ بنالی۔ تفصیلات کے مطابق دبئی ویمنز ٹینس کے فائنل میں تجربہ کار امریکی پلیئر وینس ولیمز نے فرنچ حریف آلیز کورنیٹ کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-3 اور6-0 سے ٹھکانے لگادیا، بیماری کے سبب خاصے عرصے کھیل سے دور رہنے والی وینس نے رواں سیزن میں کھیل میں واپسی اختیار کی تھی، اس سے قبل وہ آکلینڈ کلاسک کے فائنل تک بھی رسائی پانے  میں کامیاب رہی تھیں، دبئی میں وہ تیسری مرتبہ چیمپئن بننے میںکامیاب ہوگئی، یہ ان کے کیریئر کا مجموعی طور پر  45 واں ٹائٹل ہے۔

دوسری جانب ٹاپ سیڈ رافیل نڈال نے ریو اوپن ٹینس کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی، انھوں نے کوارٹر فائنل میں پرتگالی پلیئر جوآئو سوسا کو 6-1 اور6-0 سے پچھاڑ دیا، ورلڈ نمبرون اسپینش اسٹار کا آسٹریلین اوپن میں انجرڈ ہونے کے بعد یہ پہلا ایونٹ ہے، انھوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے فائنل فور میں جگہ بنائی ، جہاں ان کا سامنا ہموطن پبلو الیجاندرو سے ہوگا، جنھوں نے دوسرے کوارٹر فائنل میں ٹومی روبریڈو کو باآسانی 6-1 اور6-1 سے قابو کرلیا، دوسرا سیمی فائنل سیکنڈ سیڈ ڈیوڈ فیرر اور الیگزینڈر ڈولگوپولوف کے درمیان ہوگا، فیرر نے برازیلین پلیئر تھامس بیلوسی کو 4-6،6-3 اور6-3 سے زیر کیا، ڈولگوپولوف نے تھرڈ سیڈ اطالوی پلیئر فابیو فوگنینی کو6-1 اور6-1 سے ٹھکانے لگاکر فائنل فور میں جگہ پائی،اسی ایونٹ کے ویمنز سنگلز کوارٹر فائنلز میں ٹاپ سیڈ جمہوریہ چیک کی کارلا زاکا پولووا  نے پولینڈ کی کیٹریزنا پائٹر کو 6-4 اور6-0 سے ہرایا۔

برازیلین کھلاڑی ٹیلینا پریرا نے رومانیہ کی ایرینا کمیلا بیگو کو 6-4 اور6-4 سے قابو کرلیا،پریرا ہوم فیورٹ ہونے کے ساتھ ساتھ 23 برسوں میں ڈبلیو ٹی اے کی ٹاپ 100 پلیئرز میں شامل ہونے والی پہلی برازیلین کھلاڑی ہیں، ٹاپ سیڈ زاکاپولوا تیسرے سنگلز ٹائٹل پر نظریں جمائے ہوئے ہیں،جاپان کی کرومی نارا نے بھی فائنل فور میں جگہ بنائی، ان کے مقابل آنے والی اسپینش پلیئر لورڈیس ڈومنگوئز بائیں ٹانگ میں انجری کے سبب دوسرے سیٹ میں مقابلے سے دستبردار ہوگئیں، میچ ختم ہونے پر اسکور 7-6(7/5) اور2-0 رہا، ان کا مقابلہ اطالوی پلیئر ناستاسجا برونیٹ سے ہوگا، جنھوں نے ارجنٹائن کی پائولا اورمیچیا کو 5-7 ، 6-2 اور7-5 سے ہرایا۔ادھرمارسیلی اے ٹی پی کے سیمی فائنلز میں لٹویا کی ارنسٹ گلبز نے ٹاپ سیڈ رچرڈ گیسکوئٹ کو ہرا دیا، جوئے ولفریڈ سونگا نے جرمن حریف جین لینارڈ اسٹرف کو پچھاڑ کر فائنل میں جگہ بنالی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔