سلمان خان بھی انسان ہیں انہیں غصہ آسکتا ہے راکھی سلمان کے دفاع میں بول پڑیں

سلمان خان کو صحافی کیساتھ بدتمیزی کرنے پر 5 اپریل کو عدالت طلب کیا گیا ہے


ویب ڈیسک March 24, 2022
سلمان خان پر انڈین پینل کوڈ کے سیکشن 504 اور 506 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے فوٹوفائل

بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کو عدالتی ثمن جاری ہونے کے بعد راکھی ساونت سلو میاں کے دفاع میں میدان میں آگئیں اور کہا کہ سلمان خان بھی انسان ہیں انہیں بھی غصہ آسکتا ہے۔

گزشتہ روز سلمان خان کو صحافی کے ساتھ بدتمیزی کرنے پر ممبئی کی مجسٹریٹ کورٹ کی جانب سے ثمن جاری ہوئے اور انہیں 5 اپریل کوعدالت طلب کیا گیا۔ سلمان خان پر انڈین پینل کوڈ کے سیکشن 504 اور 506 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

اداکارہ راکھی ساونت نے حال ہی میں سلمان خان کو عدالتی ثمن جاری ہونے پر اداکار کے حق میں بیان دیا ہے کہ سلمان خان بھی انسان ہیں اور کبھی کبھار انہیں غصہ بھی آجاتا ہے۔ میرے خیال میں ان کے پاس سب کچھ ہے لیکن ایک وقت میں انہوں نے نقصان بھی اٹھایا۔

یہ بھی پڑھیں: صحافی کے ساتھ بدسلوکی پر سلمان خان عدالت طلب

راکھی نے کہا اگر آپ سلمان خان کی دکھتی رگ دبائیں گے تو انہیں غصہ آئے گا وہ انسان ہیں۔ اگر کوئی ان سے غلط سوال پوچھے گا تو وہ ناراض ہوسکتے ہیں اور غصے میں کچھ کہہ سکتے ہیں۔ لیکن مجھے نہیں لگتا کہ کسی کو ان کے خلاف مقدمہ دائر کرنا چاہئے۔

راکھی ساونت نے مزید کہا دیکھیں کوئی بھی میڈیا برا نہیں ہوتا لیکن جب آپ ایک بڑے اسٹار بن جاتے ہیں تو کچھ سوالات آپ کو دکھ پہنچاتے ہیں۔ سلمان خان کی فلمیں سپر ہٹ ہیں، ان کے کروڑوں مداح ہیں لیکن کہیں نہ کہیں انہیں زندگی کی خوشیاں تو نہیں ملیں۔

واضح رہے صحافی اشوک پانڈے کی جانب سے سلمان خان کے خلاف دائر مقدمے میں کہا گیا ہے کہ 24 اپریل 2019 کو سلمان خان ممبئی کی سڑک پر سائیکل چلارہے تھے اور ان کے ساتھ ان کے دو باڈی گارڈز بھی تھے جب صحافی نے ان کی ویڈیو بنانے کی کوشش کی۔

صحافی نے سلمان خان پر اس کا فون چھیننے کا الزام لگایا اور یہ دعویٰ کیا کہ اس نے سلمان خان کے باڈی گارڈ سے اجازت لے کر ہی ان کی تصویریں کھینچیں تھیں۔ اشوک پانڈے نے یہ بھی الزام لگایا کہ سلمان خان کے باڈی گارڈ نے اس کے ساتھ بدتمیزی کی اور سلمان خان اور ان کے باڈی گارڈز نے مل کر ان کا موبائل فون چھین لیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں