ڈاکٹر سراج میمن ایک بار پھر جناح میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر مقرر

صفدر رضوی  جمعرات 24 مارچ 2022
(فوٹو فائل)

(فوٹو فائل)

 کراچی: وزیر اعلی سندھ نے ایم بی بی ایس ڈاکٹر امجد سراج میمن کو جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کا وائس چانسلر مقرر کرنے کی منظوری دے دی، جسے محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کو بھی بھیج دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ وزیر اعلی سندھ نے عدالتی احکامات پر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے شارٹ لسٹڈ امیدواروں کے انٹرویوز 4 روز قبل دوبارہ کیے تھے۔ اس سے قبل یہ انٹرویوز تلاش کمیٹی لے چکی تھی اور پہلے لیے گئے انٹرویوز کی بنیاد پر وزیر اعلی سندھ نے 67 مارکس لے کر دوسرے نمبر پر آنے والے امیدوار ڈاکٹر سراج میمن کو وائس چانسلر مقرر کردیا تھا جبکہ 70 مارکس لے کر پہلے نمبر پر آنے والی امیدوار ڈاکٹر لبنی بیگ کو نظر انداز کردیا تھا۔

سرچ کمیٹی کی جانب سے لیے گئے اس انٹرویو میں ڈاکٹر خواجہ مصطفی قادری کو 48 مارکس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رکھا گیا تھا پہلے نمبر پر ہونے کے باوجود وائس چانسلر نہ بنائے جانے کے سبب ڈاکٹر لبنی بیگ عدالت چلی گئی تھیں، جس کے بعد عدالت نے پہلے ڈاکٹر سراج میمن کی بحیثیت وائس چانسلر تقرری کا نوٹیفکیشن معطل کیا اور ازاں بعد اس تقرری کو ہی کالعدم کرتے ہوئے 30 روز میں تینوں امیدواروں کے دوبارہ انٹرویوز کے احکامات جاری کیے تھے، جس کی روشنی میں اب دوبارہ انٹرویوز لیے گئے اور ایک بار پھر ڈاکٹر سراج میمن کا بطور وائس چانسلر تقرر کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔