ون ڈے رینکنگ، پاکستان کی پانچویں نمبر پر رسائی کا امکان

اسپورٹس ڈیسک  پير 24 فروری 2014
بھارت کی دوسری پوزیشن کو سری لنکا سے خطرہ، بولرز میں سعید اجمل نمبرون۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

بھارت کی دوسری پوزیشن کو سری لنکا سے خطرہ، بولرز میں سعید اجمل نمبرون۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

دبئی: ون ڈے رینکنگ میں پاکستان کیلیے پانچویں نمبر پر رسائی کا امکان پیدا ہوگیا، ایک درجہ ترقی پانے کیلیے فائنل سمیت ایشیا کپ کے تمام میچز جیتنا ہوں گے، ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں انگلینڈ کی وائٹ واش شکست بھی درکار ہوگی، سری لنکا، بھارت کی دوسری پوزیشن کیلیے خطرہ بن سکتا ہے، بولرز میں سعید اجمل اور آل رائونڈرز میں محمد حفیظ ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جمائے ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کا آغاز منگل سے بنگلہ دیش میں ہورہا ہے، اس میں پانچ ٹیمیں شریک ہیں جن میں سے بھارت سیکنڈ رینک، سری لنکا چوتھے، پاکستان چھٹے اور بنگلہ دیش نویں نمبر پر ہے جبکہ پانچویں ٹیم افغانستان ہے۔ حال ہی میں بنگلہ دیش کیخلاف تین میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کی وجہ سے سری لنکا کو ایک ریٹنگ پوائنٹ ملا جس سے اس کے پوائنٹس کی تعداد انگلینڈ کے برابر 106 ہوگئی مگر اعشاریائی پوائنٹس جمع کرنے سے اس نے چوتھی پوزیشن حاصل کرلی جبکہ انگلینڈ کو پانچویں نمبر پر آنا پڑا، اب اس کو اپنی یہ نئی جگہ پاکستان کے ہاتھوں گنوانا پڑسکتی ہے مگر اس کیلیے گرین شرٹس کو اچھی پرفارمنس اور قسمت کی مدد بھی درکار ہوگی۔

اگر پاکستانی ٹیم ایشیا کپ میں اپنے تمام میچز بشمول فائنل جیت لیتی ہے تب بھی اس کو رواں ماہ کے آخر میں شروع ہونے والی تین میچز کی سیریز میں انگلینڈ کی ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں کلین سوئپ شکست درکار ہوگی اگر انگلش ٹیم ایک بھی میچ جیت گئی تب پاکستان ایشیا کپ میں ناقابل شکست رہ کر بھی پانچویں نمبر پر نہیں پہنچ پائے گا۔ اسی طرح  اگر سری لنکا ایشیا کپ کے تمام میچز جیت کر فاتح بن جاتا ہے تو پھر وہ بھارت سے دوسری پوزیشن چھین سکتا ہے لیکن اس ایونٹ میں ایک بھی میچ جیت کر بھارت اپنی یہ پوزیشن بچالے گا، ٹاپ ٹین بیٹسمینوں میں شامل مصباح الحق ایک درجہ بہتری سے نویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، محمد حفیظ کا 17 واں نمبر ہے۔بولنگ میں سعید اجمل اور آل رائونڈرز میں حفیظ سرفہرست ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔