مصر کے عبوری وزیر اعظم حاذم الببلاوی مستعفی

ویب ڈیسک  پير 24 فروری 2014
مصر کے سرکاری اور صحافتی حلقےعبوری وزیر اعظم کے استعفے کو بڑا سیاسی دھچکا قرار دے رہے ہیں۔ فوٹو: فائل

مصر کے سرکاری اور صحافتی حلقےعبوری وزیر اعظم کے استعفے کو بڑا سیاسی دھچکا قرار دے رہے ہیں۔ فوٹو: فائل

قاہرہ: مصر میں فوج کے حمایت یافتہ عبوری وزیر اعظم حاذم الببلاوی مستعفی ہوگئے ہیں اور اب ان کی جگہ ابراہیم ملہب وزارت عظمیٰ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حازم الببلاوی نے دارالحکومت قاہرہ میں ہونے والے عبوری کابینہ کے اجلاس میں اپنے مستعفی ہونے  کا اعلان کیا۔ مصر کے سرکاری ذرائع نے بھی حازم الببلاوی کے استعفے کی تصدیق کردی ہے جس کے بعد دعوی کیا جارہا ہے کہ عبوری حکومت میں ہاؤسنگ کے وزیر ابراہیم ملہب ان کی جگہ نئے عبوری وزیراعظم ہوں گے۔

مصر کے سرکاری اور صحافتی حلقے عبوری وزیر اعظم کے استعفے کو 2 ماہ بعد ملک میں ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل یہ ایک بڑا سیاسی دھچکا قرار دے رہے ہیں، اس سے قبل نائب صدر محمد البرادعی نے عبوری حکومت قائم ہونے کے محض ایک ہی ماہ بعد استعفی دے دیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس جولائی میں مصر کی فوج نے ملک کے پہلے منتخب صدر محمد مرسی کی حکموت کا تختہ الٹ دیا تھا، اس وقت کے آرمی چیف عبدالفتح السیسی اب فیلڈ مارشل بن گئے ہیں ،اور اب وہ  متوقع طور پر صدارتی امیدوار بھی ہوں گے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔