ایم کیو ایم کے وفاقی وزرا امین الحق اور فروغ نسیم وزارتوں سے مستعفی

استعفے قبول کرنے کا نوٹیفکیشن وزیراعظم کی منظوری سے جاری ہوگا۔


ویب ڈیسک March 30, 2022
وفاقی وزرا امین الحق اور فروغ نسیم نے اپنے استعفے وزیراعظم عمران خان کو بھیج دیے۔

LONDON: ایم کیو ایم کے 2 وفاقی وزرا اپنے عہدوں سے مستعفی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے 2 وفاقی وزرا اپنے عہدوں سے مستعفی ہوگئے۔ وفاقی وزرا امین الحق اور فروغ نسیم نے اپنے استعفے وزیراعظم عمران خان کو بھیج دیے۔ استعفے قبول کرنے کا نوٹیفکیشن وزیراعظم کی منظوری سے جاری ہوگا۔

ذرائع ایم کیو ایم کے مطابق حکومت سے معاملات طے نہ پانے کی وجہ ان کی سست روی ہے، وزیراعظم عمران خان انا کا شکار رہے، وہ اپنے وزرا کو بھیجتے رہے لیکن خود نہیں آئے ، جبکہ اپوزیشن کی پوری قیادت ہمارے پاس بار بار آئی۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک عدم اعتماد: ایم کیوایم اپوزیشن کا حصہ بن گئی، باضابطہ اعلان آج ہوگا

ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اب خود بھی آجائیں تو بہت دیر ہوچکی اور ہم فیصلہ کرچکے ہیں ، رابطہ کمیٹی صرف اپوزیشن سے تحریری معاہدہ کی روٹین کے مطابق توثیق کریگی۔

معاہدے کے مندرجات سامنے آگئے

متحدہ قومی موومنٹ اور اپوزیشن کے درمیان معاہدے کے مندرجات ایکسپریس نیوز سامنے لے آیا۔ معاہدے پر خالد مقبول صدیقی، بلاول بھٹو، شہبازشریف، مولانا فضل الرحمن، اخترمینگل، خالد مگسی نے دستخط کیے۔

معاہدے کے تحت ایم کیوایم وفاقی کابینہ سےعلیحدگی اختیار کرے گی، جس کے بدلے میں بلدیاتی اداروں کےاختیارات میں اضافہ کیاجائےگا، سندھ میں جعلی ڈومیسائل کےاجرا کےلیے قانون سازی کی جائےگی، بلدیاتی قانون کو آئین کے آرٹیکل 140اے کے مطابق بنایا جائے گا، سندھ حکومت ایک ماہ میں بلدیاتی قانون میں ترامیم کا مسودہ سندھ اسمبلی میں پیش کرے گی۔

واضح رہے کہ ایم کیو ایم کی حکومت سے علیحدگی سے حکمران اتحاد کی تعداد 164 جبکہ متحدہ اپوزیشن کی تعداد 177 ہوجائیگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں