خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات؛ 65 تحصیلوں میں سے 29 پر تحریک انصاف کی فتح

ویب ڈیسک  جمعـء 1 اپريل 2022
پولنگ کے موقع پرسیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ فوٹو: فائل

پولنگ کے موقع پرسیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ فوٹو: فائل

 پشاور: خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مکمل ہوگیا، صوبے بھر کی 65 تحصیلوں میں سے 29 پر پی ٹی آئی نے میدان مار لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا کے 18 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہی۔ انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کی فتح کی شرح سب سے زیادہ رہی۔ خیبر پختونخوا کے 18 اضلاع کی 65 تحصیلوں میں سے 29 تحصیلوں پر تحریک انصاف کے امیدواروں نے فتح حاصل کی۔

سات تحصیلوں میں جمیعت علماء اسلام کو برتری حاصل رہی، جماعت اسلامی کو 5 اور مسلم لیگ ن 4 تحصیل پر آگئی، دو تحصیلوں پر عوامی نیشنل پارٹی اور دو پر آزاد امیدوار جیتے۔ اسی طرح  پیپلز پارٹی، این ڈی ایم اور ایم ڈبلیو ایم کو ایک ایک تحصیل پر برتری حاصل ہے۔

سوات کی سٹی میئر بابوزئی میں پی ٹی آئی کے شاہد علی خان 36938 ووٹ لے کر پہلے اور جے یو آئی کے مولانا حجت اللہ 21633 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

تحصیل بریکوٹ میں پی ٹی آئی کے کاشف علی 12420 ووٹ لے کر پہلے اور  اے این پی کے فضل اکبر 6721 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

تحصیل خوازہ زخیلہ میں پی ٹی آئی کے آفتاب خان 18380 ووٹ لے کر پہلے اور مسلم لیگ ن کے محبوب الرحمان 14656 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

تحصیل کبل میں پی ٹی آئی کے سعید خان 30086 ووٹ لے کر پہلے اور اے این پی کے رحمت علی 15338 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

تحصیل چارباغ میں جے یو آئی کے احسان اللہ کاکی 8653 ووٹ لے کر پہلے اور پی ٹی آئی کے حیدر علی 6030 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

صوبے بھر میں پولنگ پُرامن طور پر ہوئی اور کنٹرول روم میں شکایات موصول نہیں ہوئیں اور کوئی ناخوش گوار واقعہ رونما نہیں ہوا۔

بلدیاتی انتخابات میں خواتین کے ووٹ ڈالنے کی شرح قدرے کم رہی تاہم ووٹنگ میں حصہ لینے والی خواتین بلا خوف وخطر ووٹ ڈالنے آئیں۔

الیکشن کمیشن نے شکایات کے اندراج اور نمٹانے کے لیے الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کیا۔

دریں اثنا بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پولنگ کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ چیف الیکشن کمشنر، سیکریٹری الیکشن کمیشن اوراسپیشل سیکریٹری پولنگ کے عمل کی نگرانی کرتے رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔