اسلامی بینکاری صنعت کیلیے5سالہ اسٹرٹیجک پلان جاری

بزنس رپورٹر  منگل 25 فروری 2014
مقصدعوامی وکاروباری مالی ضروریات پوری کرنے کیلیے تصورات بہتراوراسلامی بینکاری کوقابل عمل نظام کے طور پرفروغ دیناہے،اسٹیٹ بینک ۔ فوٹو: فائل

مقصدعوامی وکاروباری مالی ضروریات پوری کرنے کیلیے تصورات بہتراوراسلامی بینکاری کوقابل عمل نظام کے طور پرفروغ دیناہے،اسٹیٹ بینک ۔ فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان کی اسلامی بینکاری صنعت کیلیے اسٹیٹ بینک نے 5سالہ اسٹریٹجک پلان (2014 تا 2018) جاری کردیا۔

اسٹیٹ بینک سے گزشتہ روز جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان میں اسلامی بینکاری جس کا احیا 2001 میں ہوا تیزی سے نمو پارہی ہے اور آج مجموعی بینکاری نظام کے 12 فیصد کی نمائندگی کرتی ہے، 19 اسلامی بینکاری ادارے 1300 سے زائد برانچوں کے نیٹ ورک کے ذریعے ملک بھر میں اسلامی بینکاری مصنوعات اور خدمات پیش کررہے ہیں، پلان 2014 تا 2018 کا مقصد اس صنعت کے لیے آئندہ 5 برسوں تک متفقہ سمت کا تعین کرنا ہے تاکہ ترقی کی موجودہ رفتار بڑھے اور یہ شعبہ ترقی کے نئے مرحلے میں قدم رکھ سکے، اس منصوبے کے بنیادی پہلوؤں میں اسلامی بینکاری کے بارے میں عوام کے تصورات کو بہتر بنانے کے سلسلے میں ضروری اقدامات اور اسے ممتاز و قابل عمل نظام کے طور پر فروغ دینا شامل ہیں تاکہ بالعموم عوام اور بالخصوص کاروباری برادری کی مالی ضروریات پوری کی جاسکیں، منصوبے کے اہم شعبے (الف) سازگار پالیسی ماحول بنانا، (ب) شریعہ گورننس اور نفاذ، ( ج) آگہی اور صلاحیت بڑھانا، (د) منڈی کی ترقی  ہیں جن پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

ہر شعبے میں مقاصد کے حصول کے لیے اسلامی صنعت، شریعہ مشیروں، اسٹیٹ بینک کے شریعہ بورڈ کے ارکان، اہل علم، سیکیوریٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) اور انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان (آئی سی اے پی) کی مشاورت سے فعال حکمت عملیاں اور ایکشن پلان تیار کیے جا رہے ہیں، امکان ہے کہ اس اسٹریٹجک پلان پر کامیاب عملدرآمد سے اسٹیٹ بینک کی اسلامی بینکاری صنعت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے اور ایک ممتاز اور مؤثر نظام کی حیثیت سے اس کی قبولیت اور شناخت بہتر بنانے کی کاوش مزید تحریک پائے گی جس سے حقیقی معیشت کی مالی خدمات کی ضروریات کو بہتر طور پر پورا کیا جاسکے گا۔ اسٹیٹ بینک نے اسلامی بینکاری اور مالیات پر صحافیوں کی آگہی بہتر بنانے کے لیے اسلامی بینکاری اور مالیات پر ایک دو روزہ ورکشاپ کا اہتمام کیا، ورکشاپ کا افتتاح اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر سعید احمد نے پیر کو لرننگ ریسورس سینٹر اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں کیا، 2 روزہ ورکشاپ کے دوران معروف شریعہ اسکالر اور مارکیٹ کے ماہرین اسلامی بینکاری اور مالیات پر پریزینٹیشنز دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔