کراچی حصص مارکیٹ میں تیزی،170پوائنٹس کی ریکوری

بزنس رپورٹر  منگل 25 فروری 2014
کراچی اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کے دوران بروکر مانیٹر پر نظر رکھتے وئے موبائل فون پر بات چیت کر رہا ہے، فوٹو : آن لائن

کراچی اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کے دوران بروکر مانیٹر پر نظر رکھتے وئے موبائل فون پر بات چیت کر رہا ہے، فوٹو : آن لائن

کراچی: کثیر قومی ادارے اور سیمنٹ سیکٹر کے بہترین مالیاتی نتائج کے علاوہ طالبان سے مذاکراتی عمل میں پیشرفت کی اطلاعات کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو ایک بار پھر تیزی کا رحجان غالب رہا جس سے انڈیکس کی25700 کی حد بحال ہوگئی۔

تیزی کے سبب54.61 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں52 ارب3 کروڑ 30 لاکھ61 ہزار230 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں سرمایہ کارلسٹڈ کمپنیوں کے مالیاتی نتائج کی بنیاد پرمتحرک ہیں اور وہ انہی کمپنیوں اور شعبوں میں مختصرمدتی سرمایہ کاری کو ترجیح دے رہے ہیں جن کی کارکردگی اچھی اور مالیاتی نتائج بہترین ہیں، ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں، این بی ایف سیز اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر42 لاکھ80 ہزار528 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا بھی کیا گیا لیکن اس انخلا کے باوجود کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی تاہم ایک موقع پر293 پوائنٹس تک پہنچنے والی تیزی کی شرح میں کمی ضرور ہوئی، ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں کی جانب سے28 لاکھ27 ہزار801 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے8 لاکھ35 ہزار 548 ڈالر اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے6 لاکھ17 ہزار178 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی جو مارکیٹ میں تیزی کا سبب بنی، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 170.46 پوائنٹس کے اضافے سے 25773.81 ہوگیا ۔

جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس127.16 پوائنٹس کے اضافے سے 18754.75 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 292.85 پوائنٹس کے اضافے سے42590.28 ہوگیا، کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت21.77 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر28 کروڑ34 لاکھ28 ہزار340 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار368 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں201 کے بھاؤ میں اضافہ، 154 کے داموں میں کمی اور 13 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں نیسلے پاکستان کے بھاؤ196 روپے بڑھ کر8997 روپے اور پاکستان ٹوبیکو کے بھاؤ33.60 روپے بڑھ کر705.60 روپے ہوگئے جبکہ باٹا پاکستان کے بھاؤ90 روپے کم ہوکر2975 روپے اور بھنیرو ٹیکسٹائل کے بھاؤ 37 روپے کم ہوکر703 روپے ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔