پروفیسر جاوید کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر اساتذہ سڑکوں پر نکل آئے

اسٹاف رپورٹر  منگل 25 فروری 2014
پروفیسرڈاکٹرجاوید قاضی کے قاتلوں کی گرفتاری اور ڈاکٹروں کے تحفظ کے لیے ڈاکٹر اور طلباسوک سینٹر کے سامنے مظاہرہ کر رہے ہیں(فوٹو ایکسپریس)

پروفیسرڈاکٹرجاوید قاضی کے قاتلوں کی گرفتاری اور ڈاکٹروں کے تحفظ کے لیے ڈاکٹر اور طلباسوک سینٹر کے سامنے مظاہرہ کر رہے ہیں(فوٹو ایکسپریس)

کراچی: کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے پروفیسرآف پیتھالوجی اور کراچی یونیورسٹی کے ڈین آف میڈیسن پروفیسرجاوید قاضی کے قاتلوں کی گرفتاری اور قتل کے خلاف پیر کو کالج میں شدیداحتجاج کیاگیا،کالج میں تدریسی عمل معطل رہا ۔

جبکہ بلدیہ عظمیٰ کے ماتحت چلنے والے عباسی شہید اسپتال، سوبھراج اسپتال،کراچی انسٹیٹیوٹ آف کارڈک سینٹر سمیت دیگر اسپتالوں میں اوپی ڈی کا مکمل بائیکاٹ کیاگیا،تفصیلات کے مطابق کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے پروفیسر آف پیتھالوجی اور جامعہ کراچی کے ڈین آف میڈیسن پروفیسرجاوید قاضی کے قتل کے خلاف پیرکو کالج میں شدیداحتجاج کیاگیا ، بلدیہ عظمیٰ کے اسپتالوں میں بھی اوپی ڈی کا مکمل بائیکاٹ کیاگیا جس کی وجہ سے مریضوں کو پریشانی کاسامنارہا تاہم ان اسپتالوں میں ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کوطبی سہولتیں فراہم کی جاتی رہیں ، زیرعلاج مریضوں کاعلاج اور طے شدہ آپریشن بھی کیے گئے، کالج کے اساتذہ اور ارکان فیکلٹی نے صبح ہی سے کالج میں تدریسی عمل معطل رکھا، طالب علموں نے بھی اپنے استاد کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے احتجاج میں حصہ لیا  ، بعدازاں کالج کے پرنسپل پروفیسروقارکاظمی کی سربراہی میں کالج کے ارکان فیکلٹی ،پاکستان ڈینٹل ایسوسی ایشن ،پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور کالج کے طالب علموں کی بڑی تعداد سوک سینٹر پہنچی اور ایڈمنسٹریٹرکراچی رؤف اختر سے ملاقات کرنا چاہی ،کالج کے پرنسپل ان کے دفتر بھی گئے ۔

جہاں وہ ایک اجلاس میں مصروف رہے ،احتجاجی ملازمین واساتذہ اور ارکان فیکلٹی سے ملاقات بھی نہیں کی ،احتجاجی مظاہرین مشتعل ہوگئے اورسوک سینٹر میں شدید نعرے بازی شروع کردی ،کالج کے طالب علموں اوراساتذہ نے پروفیسر جاوید قاضی کے قاتلوں کی گرفتاری کے نعرے بھی لگائے،سوک سینٹر کے سامنے مظاہرے کے شرکا سے کالج کے پرنسپل پروفیسر وقار کاظمی نے کہاکہ ڈاکٹروں کو شدیدخطرات لاحق ہیں ، بھتے کی پرچیوں اور دھمکی آمیزکالزکی وجہ سے ڈاکٹربرادری میں شدید خوف وہراس پایاجاتا ہے، انھوں نے بتایا کہ پروفیسر جاوید قاضی کے بہیمانہ قتل نے کالج میں شدید بے چینی پھیلادی ہے قاتلوں کی گرفتاری تک کالج کے اساتذہ اور طالب علموں نے احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ، پاکستان ڈینٹل ایسوسی ایشن کراچی اورپاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے کہا کہ ڈاکٹر برادری شدیدخوف کے عالم میں دکھی انسانیت کی خدمت کررہی ہے ،اس کے باوجود ڈاکٹروں کو ماراجارہا ہے ۔

پاکستان ڈینٹل ایسوسی ایشن کے سینئرنائب صدر ڈاکٹرعقیل احمد شیخ سمیت دیگر ماہرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت پروفیسرجاویدقاضی کے لواحقین کیلیے فوری امدادکا اعلان کرے اوران کے بیٹے کوسرکاری ملازمت فراہم کی جائے، احتجاج کی وجہ سے ٹریفک جام ہوگیا ، پاکستان ڈینٹل ایسوسی ایشن کراچی کے صدرنوید رشید، ڈاکٹرعقیل احمد شیخ ، ڈاکٹر فیروز جہانگیر نے پروفیسر جاویدقاضی کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ،ذرائع کے مطابق ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمٰی نے پروفیسرجاویدقاضی کے اہلخانہ کی امداد کیلیے 20لاکھ روپے رقم کی سمری متعلقہ حکام کو بھیج دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔