پاکستانی لٹل اسٹارز چمک اٹھے، گوروں کی آنکھیں چندھیا گئیں

اسپورٹس ڈیسک  منگل 25 فروری 2014
دبئی: انڈر 19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو شکست دینے پر پاکستانی پلیئرز خوشی سے بے قابو، ظفر گوہر اور عماد بٹ نے مشکل وقت میں شاندار بیٹنگ سے ٹیم کو کامیابی دلائی

دبئی: انڈر 19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو شکست دینے پر پاکستانی پلیئرز خوشی سے بے قابو، ظفر گوہر اور عماد بٹ نے مشکل وقت میں شاندار بیٹنگ سے ٹیم کو کامیابی دلائی

دبئی: انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی لٹل اسٹارزچمک اٹھے جس سے گوروں کی آنکھیں چندھیا گئیں۔

گرین شرٹس نے سنسنی خیز سیمی فائنل میں 3 وکٹ سے فتح پائی، ظفر گوہر اور عماد بٹ اعصاب کی جنگ میں سرخرو ٹھہرے، دونوں نے 142 پر7 وکٹیں گنوانے والی ٹیم کو 205 کے ہدف پر پہنچایا، آٹھویں وکٹ کیلیے 63 رنز کی ناقابل شکست شراکت ہوئی، ٹاپ آرڈر کی ناکامی پر سعود شکیل نے 45 رنز بناکر ٹیم کو سنبھالا دیا، اس سے پہلے انگلش ٹیم نے 7 وکٹ پر 204 رنز بنائے، ول رہوڈز 76 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، ضیا الحق، عماد بٹ اور کرامت علی نے2،2 وکٹیں لیں۔ دوسری جانب بھارت نے پانچویں پوزیشن کیلیے پلے آف سیمی فائنل میں سری لنکا کو 76 رنز سے شکست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق دبئی کے اسپورٹس سٹی اسٹیڈیم میں پہلے سیمی فائنل میں فتح کیلیے پاکستان کو 205 رنز کا ہدف ملا، اس بار سمیع اسلم اور امام الحق41 رنز جوڑنے میں کامیاب رہے، سمیع (18) کو سیئر نے ایل بی ڈبلیو کیا، 57 کے مجموعی اسکور پر تین بیٹسمین آؤٹ ہوگئے، حسن رضا 8 رنز پر رہوڈز کی گیند پر سیئر کا کیچ بنے، امام 28 رنز پر جونز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے جبکہ جونز نے 2 گیندوں بعد کامران غلام کو صفر پر میدان بدر کیا، کیچ ڈوکیٹ نے تھاما، اس موقع پر سعود شکیل اور امیر حمزہ ٹوٹل کو 131 تک لے گئے۔

حمزہ 35 رنز پر سیئر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، اگلے اوور میں سیف اللہ خان بغیر کوئی رن بنائے فشر کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوگئے، جب ساتویں کھلاڑی سعود شکیل 45 رنز پر فشرکی گیند پر کلارک کا کیچ بنے تو اس وقت مجموعی اسکور 142 تھا، اب ظفر گوہر نے عماد کے ساتھ مل کر اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا، آخری 5 اوورز میں فتح کیلیے 36 اور پھر 12 بالز پر اتنے ہی رنز درکار تھے، آخری اوور کا آغاز ہوا تو جیت کے لیے صرف 4 رنز چاہیے تھے، جیک ونسلیڈ کی گیند پر عماد نے چوکا جڑ کر ٹیم کو فتح دلادی، انھوں نے اس سے قبل 48 ویں اوور میں ایک چھکا بھی لگایا تھا،  گیند دراصل باؤنڈری پر موجود فیلڈر ونسلیڈ کے ہاتھوں سے اچھل کر باؤنڈری کے پار گری تھی۔

مین آف دی میچ ظفر نے37 اور عماد نے 26 رنز بنائے، میتھیو فشر، روب سیئر اور روب جونز نے2،2 وکٹیں لیں۔ اس سے قبل انگلینڈ کا آغاز بھی اچھا نہیں ہوا،اوپنرز ٹیٹرسیل اور ہیرفنچ بغیر کھاتہ کھولے میدان بدر ہوگئے، ریان ہنگز نے 52 رنز اسکور کرکے ٹیم کو سنبھالا دیا،انگلینڈ کی 119 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے جب ول رہوڈز نے ٹوٹل کو مستحکم کرنا شروع کیا، وہ 76 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، انھوں نے 79 بالز کا سامنا کرتے ہوئے ایک چھکا اور 4 چوکے جڑے۔ ضیا الحق، عماد بٹ اور کرامت علی نے2،2 وکٹیں لیں ۔ ادھر پانچویں جگہ کے لیے پلے آف سیمی فائنل میں بھارت نے سری لنکا کو 76 رنز سے شکست دی۔ پلیٹ چیمپئن شپ کے پلے آف میں نمیبیا نے کینیڈا کو 23 رنز اور اسکاٹ لینڈ نے پاپوا نیوگنی کو 77 رنز سے ہرا دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔