باسط علی موقف پر قائم،شعیب ملک نے الزام مستردکر دیا

اسپورٹس رپورٹر  منگل 25 فروری 2014
گذشتہ روز سیالکوٹ اسٹالینز کے کپتان شعیب ملک نے جان بوجھ کر ہارنے کا الزام مستردکر دیا.
فوٹو: پی سی بی/فائل

گذشتہ روز سیالکوٹ اسٹالینز کے کپتان شعیب ملک نے جان بوجھ کر ہارنے کا الزام مستردکر دیا. فوٹو: پی سی بی/فائل

لاہور: پی سی بی کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی  میچ فکسنگ اسکینڈل کے حوالے سے اپنی رپورٹ منگل کو چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کو پیش کرے گی۔

گذشتہ روز سیالکوٹ اسٹالینز کے کپتان شعیب ملک نے جان بوجھ کر ہارنے کا الزام مستردکر دیا، اس موقع پر باسط علی اپنے موقف پر قائم رہے۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی کا اجلاس منگل کو ایک بار پھر لاہور ہوگا، جس میں ارکان قومی ٹوئنٹی20ٹورنامنٹ کے میچ کی وڈیوز، گواہوں کے بیانات اور دیگر شواہد کی روشنی میں اپنی رپورٹ تیار کر کے بورڈ کودیں گے۔ گذشتہ روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہونے والی میٹنگ میں اراکین شفیق پاپا، کرنل وسیم اور  علی نقوی نے سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی، سیالکوٹ اسٹالینز کے کپتان شعیب ملک، 3 کھلاڑیوں  رانا نوید الحسن، حارث سہیل اور شاہد یوسف کے بیانات قلمبند کیے۔ یاد ر ہے کہ اس سے بلاول بھٹی اور عمران نذیر کو بھی طلب کیا گیا تھا۔

ذرائع کے  مطابق کھلاڑیوں نے کمیٹی کے سامنے موقف پیش کیا کہ مختصر طرز کے قومی ڈومیسٹک ایونٹ میں  کراچی ڈولفنز نے تمام شعبوں میں غیر معمولی  کھیل پیش کر کے کامیابی حاصل کی، اس لیے سیالکوٹ اسٹالینز پر جان بوجھ کر میچ ہارنے کی بات درست نہیں ہے، انھوں نے کہا کہ من گھڑت الزامات سے نہ صرف ہماری نیک نیتی پر سوال اٹھایاگیا بلکہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کے نام پر حرف آیا۔ دوسری جانب سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی  نے مبینہ  میچ فکسنگ پر بننے والیکمیٹی پر اعتماد کا  اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس اقدام پر چیئرمین پی سی بی کا شکرگزار ہوں، اس حوالے سے سچ جلد سامنے آ جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ  میں نے ہی ان سے درخواست کی تھی کہ انکوائری کمیٹی میں کسی ایسے سابق کرکٹر کو بھی شامل کیا جائے جو پی سی بی کا ملازم نہ ہو، علی نقوی کی شمولیت خوش آئند ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔