موٹر سائیکل شو روم کے مالک سے بھتہ مانگنے والے 4ملزمان گرفتار

اسٹاف رپورٹر  منگل 25 فروری 2014
بوٹ بیسن پولیس کی کارروائی،ملزمان نے کالعدم تنظیم کے نام سے بھتہ مانگا تھا۔فوٹو:فائل

بوٹ بیسن پولیس کی کارروائی،ملزمان نے کالعدم تنظیم کے نام سے بھتہ مانگا تھا۔فوٹو:فائل

کراچی: بوٹ بیسن پولیس نے کالعدم تنظیم کے نام پر موٹر سائیکل شو روم کے مالک سے بھتہ طلب کرنے والے 4 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ اور بھتے کی رقم برآمد کرلی۔

تفصیلات کے مطابق بوٹ بیسن پولیس ایس پی کلفٹن ڈویژن محمد ندیم کی نگرانی میں شیریں جناح کالونی میں بھتے کی رقم وصول کرنے کیلیے آنیوالے 4 ملزمان ساجد ، معراج ، محمد اعجاز اور پرویز کو گرفتار کر کے 3 ٹی ٹی پستول اور بھتے کی رقم 50 ہزار روپے برآمد کرلیے ۔

ایس پی کلفٹن محمد ندیم کے مطابق ملزمان نے چند روز قبل شیریں جناح کالونی کے رہائشی اور موٹر سائیکل شو روم کے مالک قاری محمد اکرم کو بھتے کی پرچی اور لفافے میں 5 گولیاں بھیجی تھیں جس میں انھوں نے اپنا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ظاہر کیا تھا جس کی اطلاع انھوں نے بوٹ بیسن پولیس کو دیتے ہوئے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا ، پولیس کی بتائی گئی حکمت عملی کے تحت قاری محمد اکرم نے ملزمان کو بھتے کی رقم دینے کے بلوایا اور جسے ہی وہ بھتہ وصول کرنے شیریں جناح کالونی پہنچے پہلے سے موجود پولیس نے چاروں ملزمان کو گرفتار کر کرلیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔