لڑائی کے دوران پکڑے گئے دو مرغوں کی عدالت میں پیشی

نمائندہ ایکسپریس  اتوار 3 اپريل 2022
مذکورہ افرادکا مرغوں کواپنی ملکیت تسلیم کرنے سے انکار،نیلام کرنے کا حکم۔ فوٹو: فائل

مذکورہ افرادکا مرغوں کواپنی ملکیت تسلیم کرنے سے انکار،نیلام کرنے کا حکم۔ فوٹو: فائل

سانگھڑ: پولیس نے لڑائی کے دوران پکڑے گئے دو مرغوں کی عدالت میں پیشی کروا دی۔

جھول پولیس نے 6 ماہ قبل دام رکھی گاؤں میں مرغوں کی لڑائی کرانے کے مقام پر چھاپہ مارکر پکڑے گئے مرغوں کے شوقین مالک تو فرار ہوگئے تھے تاہم پولیس نے دو مرغوں کو برآمد کرکے تھانہ منتقل کر دیا تھا اور نامعلوم افراد کے خلاف کیس داخل کر لیا تھا۔

کیس کی ہر پیشی پر انکوائری آفیسر مرغوں کو بھی لے کر عدالت میں حاضر ہوتا ہے گزشتہ روز بھی پیشی کے موقع پر جھول پولیس نے عدالت میں سرکاری پراپرٹی کے ساتھ موقع سے پکڑے گیے مرغوں کو پیش کیا۔ سرکاری پراپرٹی کے باعث مذکورہ مرغوں کی دیکھ بھال کے لیے تھانے میں دو پولیس اہلکاروں کو مامورکر دیا گیا جبکہ جھول پولیس پریشانی کا شکار ہے کہ شدید گرمی میں سرکاری پراپرٹی میں شمارکیے جانے والے مرغوں کو کچھ ہوگیا تو عدالت کوکیا جواب دیا جائے گا۔

گزشتہ روزجھول پولیس نے عدالت میں مرغوں کے چھاپے کی رپورٹ کے ساتھ مرغوں کو بھی پیش کیا، عدالت نے دو مرغوں کی نیلامی کاحکم جاری کردیا پولیس نے 12افراد کو بھی سول جج تھری سانگھڑکی عدالت میں پیش کیا تاہم مذکورہ افراد نے یہ تسلیم کرنے سے انکارکر دیا کہ مرغے ان کے ہیں جس پر عدالت نے مذکورہ افراد کو باعزت بری کردیا جبکہ مرغوں کو سرکاری پراپرٹی کی حیثیت میں جھول پولیس کے حوالے کرتے ہوئے 10اپریل کو دونوں مرغوں کو نیلام کرنے کا لیٹر جاری کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔

ہفتے کے روز جھول پولیس نے جھول تھانے کی حد میں مختلف علاقوں اور مساجد پرلاوڈ اسپیکر کے ذریعے نیلامی کا اعلان کیا کہ خواہش مند افراد نیلامی کے دن تھانے پہنچ جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔