طالبان نے کرکٹ میچ کھیلنے کیلیے نثار کی پیشکش مسترد کردی

نمائندگان ایکسپریس / اے ایف پی  منگل 25 فروری 2014
کرکٹ کی وجہ سے نوجوان جہاد سے دور ہیں،ناپسند کرتے ہیں، ترجمان طالبان، وزیر داخلہ پر تنقید ۔ فوٹو: فائل

کرکٹ کی وجہ سے نوجوان جہاد سے دور ہیں،ناپسند کرتے ہیں، ترجمان طالبان، وزیر داخلہ پر تنقید ۔ فوٹو: فائل

اسلام آ باد / میرانشاہ: وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنایا جائے گااورحکومت اس مقصد کے حصول کے لیے تمام کوششیں کرے گی۔

طالبان چاہیں توکرکٹ میچ کھیلنے کیلیے تیارہیں۔پیرکوسیدپور کرکٹ گرائونڈمیں پاکستان کرکٹ بورڈالیون اور کامن ویلتھ الیون کے درمیان ایک نمائشی میچ کے دوران صحافیوںسے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کرکٹ میچ کا مقصد عالمی برادری کو یہ پیغام دیناہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، بعض عناصر چاہتے ہیں کہ پاکستانی کرکٹ گرائونڈ میں کوئی میچ نہ کھیلا جائے تاہم ان کے یہ عزائم ناکام ہوں گے اور کھیلوں کے ایسے پروگرامز کے انعقاد کے ذریعے ملک کے بہتر تشخص کو اجاگر کیا جائے گا۔

انھوں نے کہاکہ سنا ہے کہ کئی طالبان کو بھی کرکٹ کھیلنے کا شوق ہے، اگر طالبان چاہیں تو ان کے ساتھ میچ کھیلنے کو تیار ہیں، امیدہے نتیجہ مثبت نکلے گا۔چوہدری نثار پاکستان کرکٹ بورڈ الیون کے ایک رکن کی حیثیت سے کھیلتے ہوئے 28 رنزبناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ پی سی بی الیون نے 2 رنزسے میچ جیت لیا۔ اس موقع پر پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ چوہدری نثارنے کھیلوں بالخصوص کرکٹ کیلیے ایک نیاجذبہ پیدا کیاہے۔ کامن ویلتھ الیون کی قیادت آسٹریلین ہائی کمشنر پیٹر ہیو ہارڈ نے کی جبکہ پی سی بی الیون میں کرکٹ کے معروف کھلاڑی عمراکمل، وہاب ریاض، سہیل تنویر، عبدالقادر، اظہرعلی،سرفراز نواز، انتخاب عالم اور اعجاز احمدشامل تھے۔

طالبان نے کرکٹ میچ کے بارے میں وزیر داخلہ کی پیشکش مسترد کردی اور کہا کہ کھیل نوجوانوں کو جہاد سے دور رکھنے کی سازش ہے۔ پیر کو اے ایف پی سے بات طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد نے کرکٹ میچ کی پیشکش مسترد کردی اور کہا کہ سیکولر لوگوں نے نوجوانوں کو اسلامی تعلیمات اور جہاد سے دور رکھنے کیلیے کرکٹ میں مصروف کررکھا ہے،ہم کرکٹ کے سخت خلاف ہیں اور اسے ناپسند کرتے ہیں، مذاکرات میں تعطل حکومت نے پیدا کیا ہے، حکومت مذاکرات میں مخلص نہیں ہے جبکہ طالبان مذاکرات کیلیے تیار ہیں۔

دوسری جانب وزیر داخلہ کی کرکٹ میچ کی تجویزکو سوشل میڈیا (ٹویٹر) پر سخت تنقید کا سامنا ہے، ایک صارف@Midhatzنے کہا کہ کیا کرکٹ میچ سرخ پچ پر ہوگا اور شاید وہ سپاہیوں کے کٹے ہوئے سر بال کی جگہ استعمال کریں گے؟ دوسرے صارف@kursedنے وزیر داخلہ کو احمق قرار دیتے ہوئے کہا کہ کیا کرکٹ میچ کے شائقین میں سرقلم کیے جانے والے مقتولین کے ورثا کو مدعو کیا جائے گا؟۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔