پاک فوج کا سارے سیاسی معاملے سے کوئی تعلق نہیں، فواد چوہدری

ویب ڈیسک  اتوار 3 اپريل 2022
اسپیکر کے فیصلے کو کسی عدالت میں چیلنج نہیں کیا جاسکتا، سابق وزیراطلاعات۔ فوٹو:فائل

اسپیکر کے فیصلے کو کسی عدالت میں چیلنج نہیں کیا جاسکتا، سابق وزیراطلاعات۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاک فوج کا سارے سیاسی معاملے سے کوئی تعلق نہیں، جب کہ سیاسی فیصلےعدالتوں میں کبھی نہیں ہوتے۔ 

سپریم کورٹ کے باہر شہباز گل کے ہمراہ میڈیا سے  بات کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آج قانون کی جیت ہوئی ہے، باہر سے سازش کرنے والوں کو آج منہ کی کھانا پڑی، ہمت اور جرات سے فیصلہ کرنے پر ڈپٹی اسپیکر کو خراج تحسین اور سلام پیش کرتا ہوں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اسپیکر کا اختیار لامحدود ہے، اور اسپیکر کی رولنگ، یا فیصلے کو کسی عدالت میں چیلنج نہیں کیا جاسکتا، سیاسی فیصلےعدالتوں میں کبھی نہیں ہوتے، پاک فوج کا سارے سیاسی معاملے سے کوئی تعلق نہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت جانے پر پی ٹی آئی جشن منا رہی ہے، غم تو ہمیں منانا چاہئے کہ ہماری حکومت گئی، لیکن اپوزیشن کے چہرے دیکھنے کے قابل ہیں وہ رو رہے ہیں، آپ تو شیر کے بچے ہیں تو آئیں اور الیکشن لڑیں، سیاسی جماعتیں الیکشن سے نہ بھاگیں سامنا کریں، ملک میں 90 دن میں عام انتخابات ہونے جارہے ہیں، شہباز شریف کو خط لکھیں گے کہ وہ عبوری حکومت کے لیے نام دیں۔

شہباز گل کا کہنا تھا کہ اسپیکر مجاز ہے اور اس کی رولنگ کو چیلنج نہیں کیا جاسکتا، فیصلہ عوام نے کرنا ہےغداروں کے ساتھ ہیں یا تحریک انصاف کے ساتھ۔

 

 

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔