امریکا میں مسلح شخص کی اندھا دھند فائرنگ،6 ہلاک اور 10 زخمی

ویب ڈیسک  اتوار 3 اپريل 2022
3 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے، فوٹو: فائل

3 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے، فوٹو: فائل

کیلی فورنیا: امریکی ریاست کیلی فورنیا کے ایک پُررونق علاقے میں مسلح شخص نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کیلی فورنیا کے علاقے سیکرامنٹو کی اسٹریٹ 10 میں واقع ریسٹورینٹس اور بار پر مسلح افراد نے اس وقت فائرنگ کردی جب وہاں درجنوں افراد موجود تھے۔

مسلح شخص کی فائرنگ سے 6 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ 10 زخمی ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

3 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ مسلح شخص فائرنگ کے بعد فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔

کیلی فورنیا پولیس نے شہریوں سے ملزم کی گرفتاری میں مدد دینے کی اپیل کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔