عمران نیازی نے کھلی بغاوت کی جس کی سزا آئین کے آرٹیکل 6 میں درج ہے، متحدہ اپوزیشن

ویب ڈیسک  اتوار 3 اپريل 2022
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

 اسلام آباد: متحدہ اپوزیشن نے مطالبہ کیا کہ آئین شکنی اور قومی اسمبلی کے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پر غیرقانونی وغیردستوری حکومتی اقدامات پر سماعت عدالت عظمیٰ کا فل کورٹ سماعت کرے، وزیر اعظم عمران خان نے کھلی بغاوت کی جس کی سزا آئین کے آرٹیکل 6 میں درج ہے۔  

متحدہ اپوزیشن نے کہا ہے کہ عمران خان کی اس بغاوت کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، آج ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جس میں آئین، جمہوریت ، قانون اور سیاسی اخلاقیات کے خلاف بغاوت کی گئی ہے۔

اپنے مشترکہ بیان میں متحدہ اپوزیشن نے کہا کہ اسپیکر سمیت تمام حکومتی ٹولے کے غیرآئینی وغیرپارلیمانی اقدامات اور رویوں کی شدید مذمت کرتے ہیں اور انہیں آئین شکن قرار دیتے ہیں، ایوان کے اندر متحدہ اپوزیشن اپنی واضح اکثریت ثابت کرچکی ہے جبکہ یہ بھی بلاشک وشبہ عیاں ہوچکا ہے کہ اپوزیشن کے پاس ایوان کے ارکان کی واضح اکثریت ہے۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن آئین، عوام اور جمہوریت کا ساتھ دینے والے تمام باضمیر اور آئین وعوام دوست ارکان کا شکریہ ادا کرتی ہے، ان کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ بیان میں کہاگیا کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی جانب سے صورتحال کا نوٹس لینے کے اقدام کی تحسین کرتے ہیں۔

متحدہ اپوزیشن نے کہا کہ ملک وقوم کو درپیش سنگین آئینی بحران کے پیش نظر چیف جسٹس اور ان کے برادر ججز کی طرف سے فوری کارروائی اور مختصر حکم کے اجراکا خیرمقدم کرتے ہوئے متحدہ اپوزیشن اور پاکستان کے بائیس کروڑ عوام پرامید ہیں کہ پاکستان کی اعلی عدلیہ آئین کے ساتھ کھڑی ہوگی اور آئین شکنی کے اقدامات سے پیدا ہونے والے بحران پر ایک منصفانہ، عادلانہ اور دستور کی روشنی میں فیصلہ صادر فرمائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔