متحدہ اپوزیشن کی اراکین پنجاب اسمبلی کو ایک ہی مقام پر قیام کی ہدایت

ویب ڈیسک  اتوار 3 اپريل 2022
اپوزیشن لیڈر پنجاب حمزہ شہباز کی میڈیا سے گفتگو (فائل فوٹو)

اپوزیشن لیڈر پنجاب حمزہ شہباز کی میڈیا سے گفتگو (فائل فوٹو)

 لاہور: پنجاب اسمبلی کا اجلاس ملتوی ہونے کے بعد متحدہ اپوزیشن کے رہنماؤں کی اہم بیٹھک ہوئی جس میں اراکین کی حفاظت اور آئندہ کی صورت حال کے پیش نظر اہم فیصلے کیے گئے۔

مسلم لیگ ن کے ذرائع نے ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ افطار کے وقت ہونے والے اجلاس میں بڑے فیصلے کئے گئے، جس کے تحت متحدہ اپوزیشن کے تمام اراکین ایک ہی ہوٹل یا ایک ہی جگہ پر قیام کریں گے جبکہ کسی رکن کو لاہور چھوڑنے کی اجازت نہیں ہوگی اور قائد ایوان کے انتخاب تک تمام اراکین ایک ساتھ رہیں گے۔

لیگی اراکین نے دعویٰ کیا کہ ہمارے ساتھ اس وقت 201 اراکین موجود ہیں جبکہ اس میں مزید اضافہ ہو گا، ہمیں اپنے اراکین کیخلاف مقدمات کے اندراج اور گرفتاریوں کا خدشہ ہے۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیراعلیٰ پنجاب کے امیدوار حمزہ شہباز نے کہا کہ قوم حیران ہے آئین کے ساتھ کیسے کھیلا جارہاہے، پہلے کہا جاتا فلاں میری بندوق کے لوگوں پر ہیں، ون ملین نظر نہ آئے نو لاکھ نوے ہزار لوگ کم تھے، کبھی جیب سے خط  نکالتے ہیں تو کبھی واپس موڑ کر اُسے جیب میں ہی رکھ لیتے ہیں۔

مزید پڑھیں: نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب نہ ہوسکا، پنجاب اسمبلی کا اجلاس 6 اپریل تک ملتوی

انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ گھروں کےلئے نوجوانوں کو دھوکا دیا گیا، عمران خان کی انا آئین پاکستان سے بڑی ہوگئی، اسلیے ڈھٹائی اور بے شرمی سے ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس ملتوی کردیا۔

انہوں نے کہا کہ تین سے سات روز کے اندر عدم اعتماد پر عمل کیا جائے گا، سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور کی پریس کانفرنس قوم نے سنی، جس کے بعد دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوگیا، انہوں نے خود کہا کہ مجھے مجبور کیاگیا آئین کے خلاف اقدام کرو مگر انہوں نے قوم سے غداری نہیں کی۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ علیم خان ملک اسد نعمان لنگڑیال اپنے ضمیر کی آواز پر ہمارے ساتھ کھڑے ہیں، سفارتی تعلقات و عوام سے عمران دشمنی کررہاہے یورپی یونین کو دھمکی دیتاہے، ہماری خواتین روزے سے بے ہوش ہو گئیں لائٹیں اے سی بند کر دئیے، پرویز الہی آپکا احترام کرتا ہوں یہ ہے آپکی اخلاقیات کہ ہال کی لائٹیں، اے سی اور پانی بند کروا دیا خدا کا خوف کریں۔

یہ بھی پڑھیں:  حکومت نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو عہدے سے برطرف کردیا

انہوں نے کہا کہ نئی بلڈنگ بناکر آئین و قانون کی دھجیاں بکھیری ہیں، پرویز الہی کیا آنکھوں پر پٹیاں باندھ لی ہیں، دوسو ممبران نے سیاسی ورکر کو اعتماد کا ووٹ دیا، اگر کارروائی چلتی تو ایوان قائد ایوان کا فیصلہ کرتا اس کو کھیل بنا دیا ہے، قومی و صوبائی اسمبلی میں آئین و قانون کو سب سے زیادہ ترجیح دی جانی چاہیے تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔