یوکرینی فوجی نے چیک پوسٹ پر محبوبہ کو منگنی کی انگوٹھی پہنادی، ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک  پير 4 اپريل 2022
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، فوٹو: ویڈیو گریب

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، فوٹو: ویڈیو گریب

کیف: روس سے برسر پیکار یوکرین کے ایک سپاہی نے گھٹنے کے بل بیٹھ کر سیکیورٹی چیک پوسٹ پر اپنی محبوبہ کو شادی پیشکش کی اور انگوٹھی بھی پہنا دی۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کو ایک ماہ سے زیادہ کا عرصہ ہوگیا ہے۔ یوکرینی فوج روسی حملوں کا بھرپور جواب دے رہے ہیں اور دو شہروں کا قبضہ بھی واگزار کرا لیا ہے۔

جنگ زدہ علاقے میں بارود کی بو سے فضا مکدر ہے لیکن پیار کے پھول بھی کھل رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دو پیار کرنے والوں کو ایک دوسرے سے زندگی بھر ساتھ نبھانے کا عہد و پیماں کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

شادی کی پیشکش اور عہد و پیماں کوئی انہونی بات نہیں لیکن اس ویڈیو کی ایک خاص بات جو اس پورے واقعے کو اہم بناتی ہے۔ محبوبہ کو شادی کی پیشکش کرنے والا عام شخص نہیں بلکہ محاذ جنگ پر کھڑا ایک سپاہی ہے۔

اس سپاہی نے جس مقام پر اپنی محبوبہ کو انگوٹھی پہنائی وہ بھی کوئی شاندار تقریب نہیں بلکہ کسی بھی وقت گولوں اور گولیوں کی زد میں آجانے والی سیکیورٹی چیک پوسٹ ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یوکرینی فوجی گھٹنے کے بل بیٹھ کر اپنی محبوبہ کو شادی کی پیشکش کرتے ہیں جو وہ قبول کرلیتی ہے اور پھر وہ فوجی اپنی محبوبہ کو انگوٹھی بھی پہناتا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو کو صارفین نے کافی سراہا ہے اور جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔