روس ٹیلر کی الوداعی میچ میں آنکھیں چھلک پڑیں، نیدرلینڈز کاگارڈ آف آنر

اسپورٹس ڈیسک  منگل 5 اپريل 2022
انہوں نے 2006 میں ڈیبیو کیا اور 16 برس تک ٹیم کے اہم ترین کھلاڑی رہے۔ فوٹو : انٹرنیٹ

انہوں نے 2006 میں ڈیبیو کیا اور 16 برس تک ٹیم کے اہم ترین کھلاڑی رہے۔ فوٹو : انٹرنیٹ

ہیملٹن:  نیوزی لینڈ کے سینئر بیٹر روس ٹیلر کی الوداعی میچ میں آنکھیں چھلک پڑیں۔

روس ٹیلر کی الوداعی میچ میں آنکھیں چھلک پڑیں، حریف ٹیم نیدرلینڈز نے گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ تماشائیوں نے نشستوں سے اٹھ کر اپنے اسٹار کرکٹر کو خراج تحسین پیش کیا۔ 38 سالہ روس ٹیلر نے دسمبر میں ہی اعلان کردیا تھا کہ وہ نیدرلینڈز سے ون ڈے سیریز کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے مکمل طور پر ریٹائر ہوجائیں گے۔

گزشتہ روز انھوں نے ڈچ ٹیم کے خلاف اپنے کیریئر کا الوداعی انٹرنیشنل میچ کھیلا، مقابلے سے قبل قومی ترانے کے وقت ٹیلر کی ایک جانب بچے اور دوسری سائیڈ پر ساتھی کھلاڑی تھے، اس موقع پر ان کی آنکھوں میں آنسو چھلک رہے تھے۔

گراؤنڈ میں ڈچ پلیئرز نے ٹیلر کو گارڈ آف آنر پیش کیا، اگرچہ وہ اس میچ میں صرف 14 رنز پر آؤٹ ہوگئے مگر شائقین کی جانب سے انھیں نشستوں سے اٹھ کر خراج تحسین پیش کیا گیا۔

روس ٹیلر نے 2006 میں ڈیبیو کیا اور 16 برس تک ٹیم کے اہم ترین کھلاڑی رہے، انھیں سب سے زیادہ 7683 ٹیسٹ رنز بنانے والے کیوی کرکٹر کا بھی اعزاز حاصل ہے ، آسٹریلیا میں سب سے بڑی 290 رنز کی ٹیسٹ اننگز کھیلنے والے غیرملکی کرکٹر کا ریکارڈ بھی ٹیلر کے ہی نام ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔