آئندہ تین روز شہر کا موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 8 اپريل 2022
محکمہ موسمیات نے کراچی کے موسم سے متعلق پیشگوئی کر دی۔ فوٹو : اے ایف پی

محکمہ موسمیات نے کراچی کے موسم سے متعلق پیشگوئی کر دی۔ فوٹو : اے ایف پی

 کراچی: اگلے تین روز کے دوران شہر کا موسم گرم و خشک رہنے کا امکان ہے جب کہ 14 اپریل سے گرمی کی نئی لہر متوقع ہے، جمعہ کو پارہ 40.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو صبح کے وقت کم سے کم پارہ کئی ڈگری اضافے سے 27.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 42 جبکہ شام کو 32 فیصد رہا، شہر میں گرم اور خشک موسم ریکارڈ ہوا، دوپہر کے وقت سمندری ہوائیں بند ہونے جبکہ بلوچستان کی ریگسستانی ہوائیں چلنے کی وجہ سے گزشتہ روز کی طرح لو کے تھپیڑے چلے۔

محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق اگلے 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 تا 38 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔

چیف میٹرو لوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق موجودہ گرمی اپر ائیر میں 18 سے 20 ہزار فٹ کی بلندی پر ایک ہائی پریشر کے سبب بڑھ رہی ہے کیونکہ مذکورہ ہائی پریشر سمندر کی جنوب مغربی ہواؤں کو متاثر کررہا ہے، ہفتہ سے گرمی کی شدت میں کچھ کمی ہوگی، 14 یا 15 اپریل سے شہر میں موسم ایک مرتبہ پھر گرم ہونے کا امکان ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔