بلوچستان میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں دو جوان شہید

ویب ڈیسک  جمعـء 8 اپريل 2022
فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے جو سیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے، آئی ایس پی آر۔  فوٹو:فائل

فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے جو سیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے، آئی ایس پی آر۔ فوٹو:فائل

کوئٹہ: مشکئی میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں دو جوان شہید اور دہشت گرد مارے گئے۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے علاقے مشکئی میں سیکیورٹی فورسز نے 7 اور 8 اپریل کی درمیانی رات خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے کے گرد سیکیورٹی فورسز کے پوزیشن سنبھالتے ہی دہشت گردوں نے شدید فائرنگ شروع کردی، فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشت گرد ضلع آواران میں سیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے شدید تبادلے میں مادر وطن کے دو بہادر سپوت بھی شہید ہوئے، شہداء میں نائیک تاجوالی اور سپاہی اسامہ شامل ہیں، آپریشن میں ایک افسر زخمی بھی ہوا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود و ایمونیشن بھی برآمد ہوئے جو  امن و امان کو خراب کرنے کے لیے استعمال کرنا تھا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان کا امن و ترقی سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔