ویٹ لفٹر طلحہ طالب کا مستقبل داو پر لگ گیا

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 8 اپريل 2022
(فوٹو: ٹوئٹر)

(فوٹو: ٹوئٹر)

 لاہور: ٹوکیو اولمپکس میں پانچویں پوزیشن پانے والے ویٹ لفٹر طلحہ طالب کا مستقبل داو پر لگ گیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان ویٹ لیفٹنگ فیڈریشن نے اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کی ہدایت پر نوجوان ویٹ لفٹرز کا نام کامن ویلتھ گیمز کے لیے لاہور میں جاری کیمپ میں شامل نہیں کیا۔ ڈوپنگ ایشو سامنے آنے پر انہیں ویٹ لفٹنگ کی ہر قسم کی سرگرمیوں میں شرکت سے روک دیا گیا ہے۔

ڈوپنگ قواعد رولز کی خلاف ورزی کی اطلاعات پر پاکستان اسپورٹس بورڈ نے حقائق جاننے کے لیے ویٹ لیفٹنگ فیڈریشن کو خط بھی لکھ دیا ہے، ڈوپنگ ایشو کے بعد طلحہ طالب منظر سے غائب ہیں، بار بار رابطوں کے بعد فیڈریشن کے ایک عہہدیدار نے طلحہ طالب کے معاملے پر بتایا کہ دسمبر میں منعقدہ تاشقند ورلڈ چیمپئن شپ کے دوران طلحہ طالب کا ڈوپ ٹیسٹ لیا گیا تھا، اس بلڈ سمپل کی رپورٹس ویٹ لفٹر کے حق میں نہیں آئی ہیں۔

اس معاملے پر طلحہ نے کسی بھی قسم کی قوت بخش ممنوعہ ادویات کے استعمال سے انکار کردیا ہے۔ بعدازاں ان کے فوڈ سمپلیمنٹس کے نمونے ٹیسٹ کے لیے بھیجنے کے ساتھ فی الحال انہیں معطل کرنے کی ہدایت کی گئ ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان اسپورٹس بورڈ کا ویٹ لفٹر طلحہ طالب کیخلاف عالمی ڈوپنگ انکوائری سے اظہار لاعلمی

دوسری جانب اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر تاشقند ورلڈ چیمپئن شپ کے 67 کلو گرام کیٹگری کے سینچ ایونٹ میں جیتے گئے سلور میڈل کی محرومی کے ساتھ طلحہ کو 4 سال تک پابندی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

ایکسرپس نیوز نے جب اس بارے میں پی او اے حکام سے رابطہ کیاتو ان کا موقف تھا کہ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی اس قسم کے معاملے میں فیڈریشن کے ساتھ رابطہ رکھتی ہے، تاحال فیڈریشن کی طرف سے بھی کوئی چیز ہمارے علم نہیں لائی گئی۔

اولمپکس میں پانچویں پوزیشن پر طلحہ طالب کے شاندار استقبال کے ساتھ پاکستان اسپورٹس بورڈ، اسپورٹس بورڈ پنجاب سمیت دوسرے حلقوں کی جانب سے بھی لاکھوں روپے کے انعامات دیئے گئے تھے۔

واضح رہےکہ ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ کرنل (ر)آصف زمان نے ویٹ لفٹر طلحہ طالب کے معاملے پر ڈوپنگ انکوائری سے لاعلمی کا اظہار کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔