ہتک عزت کیس؛ ثنا جاوید کیخلاف سوشل میڈیا مہم کا کوئی ثبوت نہیں ملا، ایف آئی اے

ویب ڈیسک  ہفتہ 9 اپريل 2022
ثنا جاوید نے کہا تھا کہ ایک گروہ مل کر انہیں بدنام کرنے کے لیے ان کے خلاف سوشل میڈیا پر ایک منصوبہ بند مہم چلارہا ہے فوٹوفائل

ثنا جاوید نے کہا تھا کہ ایک گروہ مل کر انہیں بدنام کرنے کے لیے ان کے خلاف سوشل میڈیا پر ایک منصوبہ بند مہم چلارہا ہے فوٹوفائل

کراچی: ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ نے ثنا جاوید کی جانب سے دائر کی گئی سائبر ہتک عزت کیس کی شکایت بند کردی ہے۔

اداکارہ ثنا جاوید نے گزشتہ ماہ ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ میں شکایت درج کروائی تھی جس میں انہوں نے موقف اپنایا تھا کہ سوشل میڈیا پر  پوری منصوبہ بندی کے ساتھ انہیں بدنام کرنے کے لیے ان کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ثنا جاوید کا اپنے خلاف پروپیگنڈا کرنیوالوں کیخلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ

ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ کے سربراہ عمران ریاض نے گزشتہ روز ٹوئٹر پر اس کیس میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اداکارہ ثنا جاوید کی جانب سے درج کی گئی سائبر ہتک عزت کی شکایت کو بند کردیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کی قانونی ٹیم نے فراہم کردہ شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور جو مواد ملا وہ کام کے دوران ان کے ساتھ کام کرنے والے افراد کے ذاتی تجربات کے اشتراک سے متعلق تھا۔

عمران ریاض نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ تکنیکی ٹیم کو بھی اداکارہ ثنا جاوید کے خلاف سوشل میڈیا پر منصوبہ بند مہم کا کوئی ثبوت نہیں مل سکا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ متعدد ماڈلز، میک اپ آرٹسٹ اور اداکاروں نے سوشل میڈیا پر اداکارہ ثنا جاوید کے ان کے ساتھ برتے جانے والے نامناسب اور ناقابل برداشت رویے کے بارے میں آواز اٹھائی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ماڈلز کیساتھ بدتمیزی؛ مقبول برانڈ کا ثنا جاوید سے علیحدگی کا اعلان

ماڈل منال سلیم نے ثنا جاوید کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ وہ اب مزید کسی اداکارہ کے ساتھ کام نہیں کریں گی، کیونکہ یہ اداکارائیں ہمیں ’’دو ٹکے کی ماڈلز‘‘ سمجھتی ہیں۔

تاہم ثنا جاوید نے اپنے اوپر لگے تمام الزامات کو جھوٹا قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ ایک گروہ مل کر انہیں بدنام کرنے کے لیے ان کے خلاف سوشل میڈیا پر ایک منصوبہ بند مہم چلارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فیصل قریشی کی بیٹی اداکارہ ثنا جاوید پر برس پڑیں

بعد ازاں ثنا جاوید نے اپنے خلاف پیروپیگنڈہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئےاپنے شوہر کے ہمراہ  ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ کے ہیڈ کوارٹر میں باضابطہ طور پر شکایت درج کروائی تھی جسے اب بند کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔