ق لیگ نے ارکان اسمبلی کے ہوٹل میں قیام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا

محمد ہارون  ہفتہ 9 اپريل 2022
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

لاہور  : مسلم لیگ (ق) نے ارکان اسمبلی کو نجی ہوٹل میں رکھنے کا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا، ہائی کورٹ نے درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملک میں جاری سیاسی صورتحال عدالتوں تک پہنچ گئی، مسلم لیگ (ن) کے بعد مسلم لیگ (ق) کے رہنما نے بھی لاہور ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹادیا۔

ق لیگ نے اراکین پنجاب اسمبلی کو نجی ہوٹل میں رکھنے کا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا، اس حوالے سے مسلم لیگ (ق) کے رہنما سینیٹر کامل علی آغا نے درخواست دائر کردی۔

درخواست میں چیف سیکریٹری اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو فریق بنایا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اراکین پنجاب اسمبلی کو نجی ہوٹل میں زبردستی بند کرکے ان سے رابطے منقطع کیے گئے ہیں، ایم پی ایز کو اس طرح  حراست میں رکھنا غیر قانونی ہے، وزارت اعلی کے منصب کے لیے امیدواروں سے رابطے کرنا چاہتے ہیں لیکن مسلم لیگ (ن) نے نجی ہوٹل میں اراکین اسمبلی کو قید کیا ہوا ہے۔

درخواست گزار نے کہا ہے کہ عدالت ارکان اسمبلی کو ہوٹل میں قیام پذیر رکھنے کا اقدام غیر قانونی قرار دے اور ہمیں حمزہ شہباز کی درخواست میں فریق بننے کی اجازت دی جائے۔

دریں اثنا مسلم لیگ (ق) کی درخواست سماعت کے لیے مقرر ہوگئی، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس امیر بھٹی 11 اپریل کو سماعت کریں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔