شیخ رشید کا عمران خان کی حمایت میں جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان

ملک میں مقصود چپڑاسی کی حکومت نہیں چل سکتی، سابق وزیر داخلہ


ویب ڈیسک April 10, 2022
اگر میں امپورٹڈ حکومت کو ختم نہ کرسکا تو میرا نام شہباز شریف رکھ دینا، سابق وزیر داخلہ (فوٹو فائل)

کراچی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے جیل بھرو تحریک کا اعلان کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لال حویلی کے باہر عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کارکنان اور حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے اس مہینے میں تین دن کیلیے عمرہ ادائیگی پر جاؤں گا، رمضان کے اختتام سے قبل سیاسی نقشہ بھی بدلے گا، مہینے کے اختتام سے پہلے بڑی تبدیلی آئے گی۔

انہوں نے کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جیل بھرو تحریک کا اعلان کرتا ہوں تیاری کرلو، بدھ کو پشاور پہنچوں گا، اگر میں امپورٹڈ حکومت کو ختم نہ کرسکا تو میرا نام شہباز شریف رکھ دینا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہر روز لال حویلی سے جیل بھرو تحریک چلاوں گا، میں خود بھی نکلوں گا، مجھے جس نے گولی مارنی یہ مارے ، کراچی سے لیکر درہ خیبر تک نکلوں گا، ملک میں مقصود اور مسرور چپڑاسی کی سیاست نہیں چل سکتی۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کے اکثریتی ارکان نے اسمبلیوں سے استعفیٰ دینے کی مخالفت کردی

شیخ رشید نے کہا کہ جیل بھرو گے تو امپورٹڈ حکومت کا خاتمہ ہوگا اور پھر ہم اللہ کا نظام نافذ کریں گے، نواز، زرداری بلاول سُن لیں لال حویلی چورو ں کے خلاف لال قلعہ بننے جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنرل باجوہ کو کہتا ہوں ملک میں خانہ جنگی کے حالات ہیں فوری انتخابات کرائیں، ملک میں دہشت گردی کے خطرات ہیں، فیصلے رات کی کی تاریکی میں نہیں دن کے اجالے میں کرنے ہیں۔

مزید پڑھیں: تحریک عدم اعتماد کامیاب، عمران خان وزیراعظم نہیں رہے

واضح رہے کہ گزشتہ شب اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد 174 ووٹوں کے ساتھ کامیاب ہوئی جس کے بعد عمران خان وزیراعظم پاکستان نہیں رہے۔

اسپیکر اسد قیصر کے مستعفی ہونے کے بعد قائم مقام اسپیکر ایاز صادق نے تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کی کارروائی مکمل کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں