بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید

ویب ڈیسک  اتوار 10 اپريل 2022
نوجوان کو سری نگر میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا، فوٹو: فائل

نوجوان کو سری نگر میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا، فوٹو: فائل

 سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے مسلمانوں کے مقدس ماہ رمضان المبارک میں بھی ریاستی دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے اور صرف 2 دن میں 4 نوجوانوں کو شہید کردیا گیا۔ 

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے شہر سری نگر میں قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی۔ خواتین کی بے عزتی کی گئی اور بزرگوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

اسی دوران قابض بھارتی فوج نے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔ اس طرح بھارتی جارحیت میں 2 روز میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 4 ہوگئی۔

گزشتہ روز ضلع اسلام آباد اور ضلع کلگام میں بھی نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا گیا تھا جب کہ کلگام میں ہی مسلح افراد کی فائرنگ میں بھارتی فوج کے دو اہلکار بھی زخمی ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ سری نگر کی جامعہ مسجد میں نماز جمعہ کے بعد سیکڑوں نوجوانوں نے بھارت مخالف اور جدوجہد آزادی کشمیر کے حق میں نعرے بازی کی تھی جس کی پاداش میں بھارتی سیکیورٹی فورسز نے 13 نوجوانوں کو گرفتار کرلیا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔