سی ٹی ڈی پنجاب نے 5 مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا

ویب ڈیسک  اتوار 10 اپريل 2022
دہشتگردوں کے قبضہ سے اسلحہ، دھماکہ خیز و دیگر ممنوعہ مواد برآمد کر لیا، ترجمان سی ٹی ڈی۔ فوٹو : فائل

دہشتگردوں کے قبضہ سے اسلحہ، دھماکہ خیز و دیگر ممنوعہ مواد برآمد کر لیا، ترجمان سی ٹی ڈی۔ فوٹو : فائل

 لاہور: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے صوبے بھر میں کارروائی کے دوران 5 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے دہشت گردی کے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں 24انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے جس میں 24 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کے دوران 5 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے اسلحہ، دھماکہ خیز و دیگر ممنوعہ مواد برآمد کر لیا۔

گرفتار دہشت گردوں میں عبدالواجد، تبسم صغیر، محمدعظیم، احمد حسن اور سید تنزیل الرحمان شامل ہیں جن کا تعلق مختلف کالعدم مذہبی تنظیموں سے ہے۔

ترجمان نے کہا کہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق رکھنے والے دہشتگرد عبدالواجد کو ملتان سے گرفتار کرکے اس کے قبضے سے دھماکا خیز مواد 2 دستی بم، ایک پاؤچ بیلٹ اور ایک موبائل فون جسے وہ دہشت گردی کے لیے استعمال کرنا چاہتا تھا برآمد کر لیا۔ اسی طرح کالعدم تنظیم داعش کے رکن تبسم صغیر کو بہاولپور سے گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے ایک ہینڈ گرنیڈ، 30 بور کا ایک پستول برآمد کر لیا۔

انہوں نے کہا کہ لشکر جھنگوی سے تعلق رکھنے والے دہشتگرد محمد عظیم کو وہاڑی سے گرفتار کر کے اس کی تحویل سے ممنوعہ نفرت انگیز مواد، ممنوعہ تنظیم کا بیچ، جھنڈے، 12عدد اسٹیکرز اور 2100 روپے نقدی برآمد کر لیے۔ تحریک طالبان پاکستان کے رکن احمد حسن کو خانیوال سے گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے ممنوعہ نفرت انگیز مواد، 3رسالے، ٹی ٹی پی کا ایک جھنڈا اور کالعدم تنظیم کے 20 پمفلٹ برآمد کر لیے۔

آخری مبینہ دہشت گرد سید تنزیل الرحمان جس کا تعلق کالعدم تنظیم حزب التحریر سے ہے کو لاہورسے گرفتار کیا گیا، وہ نفرت انگیز مواد تقسیم کر رہا تھا اور اپنی تنظیم کے مالیاتی کھیل کے لیے فنڈ اکٹھا کر رہا تھا۔ اس کے قبضہ سے 7 ممنوعہ کتابیں، 3 ممنوعہ کتابچے اور 6500روپے نقدی برآمد کر لی۔

ترجمان نے کہا کہ دہشت گردوں نے صوبہ بھر میں تخریب کاری کا منصوبہ بنا رکھا تھا اور وہ اہم تنصیبات، دہشتگردانہ کارروائی اور مذہبی مقامات کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے، مبینہ دہشت گردوں کے خلاف مقدمات درج کر کے ان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ رواں ہفتے کے دوران مقامی پولیس کی مدد سے 457 کومبنگ آپریشنز کیے گئے، ان آپریشنز کے دوران 16ہزار336 افراد کو چیک کیا، 51 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا، 49 ایف آئی آر درج ہوئیں جبکہ 20 بازیابیاں کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب پوری مستعدی سے محفوظ پنجاب کے اپنے ہدف پر عمل پیرا ہے اور دہشت گردوں اور ریاست دشمن عناصر کو سلاخوں کے پیچھے پہنچانے کی کوششوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑے جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔