نئی حکومت میں کس جماعت کو کون سی وزارت ملے گی، معاملات طے پانا شروع

ویب ڈیسک  پير 11 اپريل 2022
وزارت داخلہ، اطلاعات، ریلوے، اوور سیز، خزانہ، دفاع سمیت دیگر وزارتیں ن لیگ کے پاس ہوں گی، ذرائع ۔ فوٹو : فائل

وزارت داخلہ، اطلاعات، ریلوے، اوور سیز، خزانہ، دفاع سمیت دیگر وزارتیں ن لیگ کے پاس ہوں گی، ذرائع ۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: نئی حکومت میں کس جماعت کو کون سی وزارت ملے گی معاملات طے پانا شروع ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اپوزیشن جماعتوں میں نئی حکومت سازی کے فارمولے پر مشاورت جاری ہے، کس کو نئی حکومت میں کیا ملے گا معاملات خوش اسلوبی سے طے پانا شروع ہوگئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں اتحادیوں کو زیادہ سے زیادہ کابینہ میں اکاموڈیٹ کیا جائے گا اور دوسرے مرحلے میں دیگر وزارتیں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے ارکان کو دی جائیں گی۔

پیپلز پارٹی کو قومی اسمبلی میں اسپیکر شپ کا عہدہ، وزارت خارجہ اور دیگر اہم وزارتیں ملیں گی تاہم چئیرمن پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نئی حکومت میں کوئی عہدہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن اتحاد نے موجودہ صدر کے مواخذے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، مواخذے کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری یا مولانا فضل الرحمان صدر کے امیدوار ہوں گے۔ وزارت خارجہ کا قلم دان بھی پیپلز پارٹی کو ملنے کا قوی امکان ہے۔

ایم کیو ایم کو سندھ کی گورنر شپ کے ساتھ دو سے 3 وزارتیں ملنے کا امکان ہے، بلوچستان عوامی پارٹی(باپ) کو 2 وزارتیں جب کہ مسلم لیگ ق کے طارق بشیر چیمہ کو بھی اہم وزرت ملنے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق جے یو آئی کو 2 سے 3 وزارتیں، اختر مینگل کو 2 جبکہ شاہ زین بگٹی، اے این پی اور اسلم بھوتانی کو بھی ایک ایک وزارت سے نوازے جانے کا امکان ہے، جب کہ مسلم لیگ ن  کو سب سے زیادہ وزارتیں ملنے کا امکان ہے۔

پارٹی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ وزارت داخلہ، اطلاعات، ریلوے، اوورسیز، خزانہ، دفاع سمیت دیگر وزارتیں ن لیگ کے پاس ہوں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔