دنیا کے 735 ارب پتی ترین شخصیات کا تعلق امریکا سے ہے، فہرست جاری

ویب ڈیسک  پير 11 اپريل 2022
ایلون مسک اور جیف بینزوم اول اور دوم پر براجمان ہیں، فوٹو: فائل

ایلون مسک اور جیف بینزوم اول اور دوم پر براجمان ہیں، فوٹو: فائل

 واشنگٹن: امریکا کے معروف جریدے فوربز نے دنیا کے ارب پتی افراد کی فہرست جاری کردی ہے جس میں اوّل نمبر پر ایلون مسک اور دوسرے نمبر پر جیف بیزوس براجمان ہیں۔ 

امریکا کے معروف جریدے فوربز نے دنیا کے امیر ترین شخصیات کی 36 ویں سالانہ فہرست جاری کردی، اس فہرست میں 2 ہزار 668 ارب پتی شخصیات شامل ہیں جن میں سے 735 امریکی ہیں جن کی مجموعی دولت 4.7 کھرب ڈالر بنتی ہے۔

روس اور یوکرین جنگ، کورونا اور مختلف ممالک کی معیشت میں سست روی سے دنیا کے ارب پتی افراد بھی متاثر ہوئے۔ نئی فہرست میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 87 افراد کی کمی ہوئی۔

فوربز کی فہرست کے مطابق ارب پتی افراد کی فہرست میں امریکا کا پہلا نمبر ہے۔ امریکی کمپنی ٹیسلا اور نجی خلائی کمپنی اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک مجموعی دولت 219 بلین ڈالر کے ساتھ دنیا کے امیر ترین شخصیات کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں۔

اسی طرح آن لائن شاپنگ پلیٹ فارم ایمازون کے بانی جیف بیزوس 171 بلین ڈالر مالیت ہونے کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جب کہ بھارت کے مکیش امبانی 10ویں اور گوتم اڈانی 11ویں نمبر پر ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔