وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کی تشکیل کیلیے مشاورت مکمل کرلی

ویب ڈیسک  منگل 12 اپريل 2022
اتحادیوں کے ارکان کو کابینہ میں شامل کیا جائے گا، ذرائع

اتحادیوں کے ارکان کو کابینہ میں شامل کیا جائے گا، ذرائع

 اسلام آباد: وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے نئی وفاقی کابینہ کی تشکیل کے لیے اتحادی جماعتوں سے مشاورت مکمل کر لی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پہلے دن کا آغاز سب اتحادی قائدین کے گھر جا کر ملاقاتوں سے کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پی پی پی کے چیئرمن بلاول بھٹو زرداری، آصف علی زرداری اور ایم کیو ایم کے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی جبکہ مولانا فضل الرحمان سے انکی رہائش پر ملاقات کی۔

اسکے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف نے سردار عطاء اللہ مینگل، ڈاکٹر خالد مگسی، شاہ زین بگٹی، اسلم بھوتانی سے بھی ملاقات کی اور وزیراعظم کے منصب پر اپنی نامزدگی، حمایت میں ووٹ اور تعاون پر فرداً فرداً سب قائدین، راہنماؤں، اراکین قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔

اتحادی جماعتیں اپنے وزراء کے نام وزیر اعظم کو جلد بھجوا دیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے قائدین سے کابینہ کی تشکیل پر اہم مشاورت کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسی جذبے اور باہمی اعتماد سے آگے بڑھیں گے جس کے ذریعے اس منزل تک پہنچیں ہیں۔ اتحاد، مشاورت اور تعاون کے جذبے سے چلیں گے، مل کر مسائل حل اور وعدے پورے کریں گے۔

ڈاکٹر خالد مقبول کی رہائش گاہ آمد

وزیراعظم شہباز شریف ایم کیو ایم سے ملنے کے لیے پارلیمنٹ لاجز پہنچ گئے جہاں انہوں ںے ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

ملاقات میں ایم کیو ایم کی جانب سے وسیم اختر، امین الحق اور جاوید حنیف شریک تھے جب کہ وزیراعظم کے ہمراہ راناثناء اللہ، خواجہ سعد رفیق، ایاز صادق اور مریم اورنگزیب موجود تھیں۔

وزیر اعظم کی ایم کیو ایم رہنماؤں سے ملاقات کے دوران مختلف امور پر بات چیت ہوئی اور طے پایا کہ آنے والے چند دنوں میں وزیراعظم ایم کیو ایم کے مرکز کراچی بہادر آباد جائیں گے، ساتھ ہی مزار قائد پر بھی حاضری دیں گے جہاں ایم کی ایم کی قیادت ان کے ہمراہ ہوگی۔

زرداری ہاؤس آمد

وزیراعظم شہباز شریف پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے لیے زرداری ہاؤس پہنچے جہاں ان کے درمیان ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آصف علی زرداری کے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف موجود تھے جب کہ وزیراعظم کے ہمراہ ایاز صادق، رانا ثنااللہ، سعد رفیق اور مریم اورنگزیب موجود تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔